19 فروری ، 2013
اسلام آباد…وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کوئٹہ میں ٹارگٹڈ آپریشن کا حکم دی دیا ہے ،جبکہ آئی جی بلوچستان کو بھی تبدیل کرتے ہو ئے طارق عمر خطاب کی جگہ مشتاق سکھیرا کو بلوچستان کا نیا آئی جی مقرر کیا ہے۔کوئٹہ میں ٹارگٹڈ آپریشن کا حکم دیتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں اور شر پسندوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے۔وزیراعظم ہاؤس کے ترجمان کے مطابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پاکستان کے کسی شہری کو دہشت گردوں کے ہاتھوں یرغمال نہیں بننے دیا جائے گا، جن علاقوں میں دہشت گردوں کی اطلاع ہو ، وہاں فوری کارروائی کی جائے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کوئٹہ کی صورت حال کی خود نگرانی کر رہے ہیں اور انہوں نے ہدایت کی ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے آپریشن کے حوالے سے انہیں مسلسل آگاہ رکھیں۔