26 ستمبر ، 2024
ملک میں ایک اور پولیو کیس سامنے آگیاجس کے بعد رواں سال پولیو کیسز کی تعداد 23 ہوگئی۔
اعلامیے کے مطابق رواں سال کا 23واں پولیو کیس کوہاٹ سے رپورٹ ہوا ہے، قومی ادارہ صحت میں انسداد پولیو لیبارٹری نے پولیو کیس کی تصدیق کر دی ہے۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ کوہاٹ سے تعلق رکھنے والی 10 ماہ کی بچی میں پولیو وائرس پایا گیا، یہ خیبر پختو نخوا سے سال کا دوسرا اور ملک سے 23واں پولیو کیس ہے۔
وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو عائشہ رضا فاروق نے پولیو کیس سامنے آنے پر تشویش کا اظہار کیاہے۔
انہوں نے والدین سے تمام بچوں کی پولیو ویکسنیشن یقینی بنانے کی اپیل کی ہے۔
اعلامیے کے مطابق پولیو پروگرام نے رواں ماہ ملک کے 115 اضلاع میں انسداد پولیو مہم کا انعقاد کیا، مہم میں 5 سال سے کم عمر کے 33 ملین بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے۔