Time 27 ستمبر ، 2024
کھیل

پی ایس ایل اور آئی پی ایل کی تاریخوں کا تصادم چیلنج قرار

پی ایس ایل اور آئی پی ایل کی تاریخوں کا تصادم چیلنج قرار
ڈائریکٹ سائننگ کے لیے بہتر فہرست دستیاب ہو تو اچھی بات ہے، اگر آئی پی ایل نہ کھیلنے والے ڈائریکٹ سائننگ کے لیے دستیاب ہوں گے تو پھر کوئی فائدہ نہیں: سی او او لاہور قلندرز ثمین رانا/ فوٹو جیو نیوز

لاہور قلندرز کے سی او او ثمین رانا کا کہنا ہے کہ پہلی مرتبہ پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) کے آئندہ ایڈیشن میں بھارتی پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے ساتھ متصادم ہو گا جو ایک ساتھ ہونا مشکل مرحلہ ہے۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہو ئے پی ایس ایل ایڈیشن 10 کے حوالے سے سی او او لاہور قلندرز ثمین رانا نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کی وجہ سے پہلی مرتبہ پی ایس ایل اپنی ونڈو کے مطابق نہیں ہو گی، پی ایس ایل کی تاریخوں کو آگے لیجا نا پڑ رہا ہے، خوشی ہے کہ آئی سی سی کا ایونٹ پاکستان میں ہو رہا ہے ، کامیابی کے لیے دعا گو ہیں اور پاکستان میں تمام 8 ٹیموں کے اسٹار کھلاڑیوں کو ایکشن میں دیکھنے کا موقع ملے گا۔

ثمین رانا نے کہا کہ پہلی مرتبہ پی ایس ایل کے آئندہ ایڈیشن میں آئی پی ایل کے ساتھ تصادم ہو گا، آئی پی ایل کے ساتھ پی ایس ایل کا ہونا ایک مشکل مرحلہ ہے اور چیلنجنگ بھی ہے، ہمارے لیے یہ ایک نیا تجربہ ہو گا، اس وقت کہیں بھی اور کرکٹ نہیں ہو رہی ہو گی اور اس کا فائدہ یہ بھی ہو گا جو آئی پی ایل نہیں کھیل رہے ہوں گے وہ لمبے عرصے کے لیے دستیاب ہوں گے۔

پی ایس ایل کے لیے ڈائریکٹ سائننگ کی تجویز کے حوالے سے ثمین رانا نے کہا کہ ڈائریکٹ سائننگ کے لیے بہتر فہرست دستیاب ہو تو اچھی بات ہے، اگر آئی پی ایل نہ کھیلنے والے ڈائریکٹ سائننگ کے لیے دستیاب ہوں گے تو پھر کوئی فائدہ نہیں۔

پی ایس ایل 10 کے پلے آف انگلینڈ میں کرانے کی بھی چند ماہ پہلے تجویز سامنے آئی، اس پر سی او او لاہور قلندرز کا کہنا ہے کہ بڑی قربانیاں دے کر پاکستان میں پی ایس ایل کو لائے ہیں اور اس کے بعد انٹر نیشنل کرکٹ بھی تسلسل کے ساتھ ہوئی، سیکورٹی فورسز نے بہت قربانیاں دیں ، فینز نے بہت قربانیاں دیں، اب اتنی قربانیاں دینے کے بعد ایک بار پھر ہم بیرون ملک کرکٹ لے جانے کی بات کر رہے ہیں، پہلی تو یہ بتائیں کہ پلے آف بیرون ملک لے جانے کا کیا فائدہ ہے؟ اگر کوئی فائدہ نظر آتا ہے تو ہم اس فیصلے کو بیک کریں گے۔

مزید خبریں :