29 ستمبر ، 2024
کراچی میں امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن (آئی ایس او) اور دیگر تنظیموں کے تحت حسن نصراللہ کی شہادت کے خلاف نمائش چورنگی سے ریلی نکالی گئی۔
کراچی میں آئی ایس او اور دیگر تنظیموں کی جانب سے حسن نصراللہ کی شہادت کے خلاف نمائش چورنگی سے احتجاجی ریلی سے نکالی گئی۔ اس موقع پر ایم ٹی خان روڈ پر امریکی قونصلیٹ جانے والے راستوں کو کنٹینرز لگاکر بند کردیا گیا تھا۔
ریلی کے شرکا نے ایم ٹی خان روڈ پہنچ کر شدید نعرے لگائے، شرکا نے امریکی قونصلیٹ جانے کی کوشش کی تو پولیس کے روکنے پر مظاہرین نے پتھراؤ کیا جس کے جواب میں پولیس کی جانب سے شیلنگ کی گئی۔
مظاہرین کے پتھراؤ سے متعدد پولیس اہلکار زخمی ہوگئے، زخمیوں میں ایس ایچ او موچکو انسپکٹر بشیر بھی شامل ہیں جبکہ پولیس کی جانب سے کئی کارکنان کو حراست میں بھی لیا گیا۔
پولیس اور ریلی کے شرکا میں پتھراو کے دوران مشتعل افراد کے تشدد سے جیونیوز کے صحافی دانیال سید اور دیگر صحافی زخمی ہوگئے۔
مظاہرین نے جیونیوز کے کیمرہ مین عدنان حیدر سے کیمرہ چھیننے کی بھی کوشش کی جبکہ نجی ٹی وی چینل کی سیٹلائٹ وین کو بھی نقصان پہنچا۔
پولیس کی جانب سے کارکنان کی رہائی پر احتجاجی مظاہرین منتشر ہوگئے۔