04 اکتوبر ، 2024
پاکستان کی نامور مارننگ شو میزبان مدیحہ نقوی نے انکشاف کیا ہے کہ کچھ خواتین ان کی والدہ کے جنازے پر میک اپ کرکے آئی ہوئی تھیں۔
حال ہی میں مدیحہ نقوی نے اپنے مارننگ شو کی ایک قسط میں اپنی والدہ کے انتقال کا دن یاد کیا اور بتایا کہ کس طرح لوگ تیار ہوکر آئے تھے اور اس چیز نے انہیں کافی تکلیف پہنچائی تھی۔
مدیحہ نقوی نے کہا 'مجھے آج بھی یاد ہے میں نے ہوش و حواس میں اپنے سامنے کوئی میت دیکھی تو وہ میری ماں کی میت تھی'۔
میزبان نے کہا 'والدہ کے انتقال کے کچھ گھنٹوں بعد ہی بہت سے لوگ گھر میں اکھٹے ہوگئے تھے، مجھے یاد ہے ان میں سے جس جس نے میک اپ کیا ہوا تھا ، جن خواتین نے گہری لپ اسٹکس لگائی ہوئی تھیں'۔
مدیحہ کا کہنا تھا کہ 'یہ ایسی چیز ہے جو میں زندگی بھر فراموش نہیں کرسکتی، ہوسکتا ہے وہ لوگ کہیں سے آرہے ہوں لیکن میت کے کچھ آداب ہوتے ہیں، یہی تو ہے جو اللہ تعالیٰ آپ کو بتاتا ہے کہ بس یہ تھی دنیا، اب سب ختم'۔
میزبان نے گفتگو کے دوران کہا کہ 'جب کسی کا انتقال ہوتا ہے تو یہ یاددہانی ہوتی ہے کہ اللہ بتارہا ہوتا ہے بس جو گھر بنایا تھا یا جو دنیا تھی وہ سب ختم ، اب میری جانب لوٹ آؤ'۔