04 اکتوبر ، 2024
میٹا کے چیف ایگزیکٹو مارک زکربرگ ایمازون کے بانی جیف بیزوز کو پیچھے چھوڑ کر دنیا کے دوسرے امیر ترین شخص بن گئے ہیں۔
بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق 3 اکتوبر کو مارک زکربرگ کے اثاثوں کی مالیت 206.2 ارب ڈالرز تک پہنچ گئی تھی جبکہ جیف بیزوز 205.1 ارب ڈالرز کے مالک ہیں۔
ایلون مسک 256 ارب ڈالرز کے ساتھ دنیا کے امیر ترین شخص ہیں۔
مارک زکربرگ میٹا کے 12.8 فیصد شیئرز کے مالک ہیں اور ان کی دولت کا انحصار بھی اس پر ہے۔
2024 مارک زکربرگ کے لیے بہت اچھا ثابت ہوا ہے اور وہ رواں برس کے دوران دنیا میں اب تک سب سے زیادہ دولت کمانے میں کامیاب رہے ہیں۔
2024 کے دوران میٹا کے حصص کی قیمتوں میں لگ بھگ 68 فیصد کا اضافہ دیکھنے میں آیا جس کے باعث مارک زکربرگ کی دولت میں 78 ارب ڈالرز کا اضافہ ہوچکا ہے۔
خیال رہے کہ مارک زکربرگ کچھ عرصے قبل دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست میں کافی نیچے چلے گئے تھے۔
2022 میں میٹا ورس کی تیاری کے لیے پرعزم مارک زکربرگ کو بہت زیادہ مالی نقصان ہوا تھا۔
درحقیقت ایک موقع پر تو ان کی دولت میں 100 ارب ڈالرز سے زیادہ کی کمی بھی آئی اور وہ دنیا کے 10 امیر ترین افراد سے باہر نکل گئے تھے۔
مارک زکربرگ کی دولت 2022 میں گھٹ کر 35 ارب ڈالرز سے بھی نیچے آگئی تھی کیونکہ اس وقت میٹا کے حصص کی قیمتوں میں تیزی سے کمی آئی تھی۔
مگر 2023 میں مارک زکربرگ نے اپنی توجہ حقیقی دنیا پر مرکوز کرتے ہوئے میٹا پلیٹ فارم کے اخراجات میں کمی لانے کے لیے اقدامات کیے جبکہ آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی پر زیادہ کام کیا۔
یہ اقدامات کمپنی کے لیے اب تک بہتر ثابت ہوئے ہیں۔