06 اکتوبر ، 2024
کراچی کے ساحلی مقام منوڑہ میں تفریح کے لیے جانے والے ایک ہی خاندان کے 4 افراد ڈوب گئے۔
کراچی کے علاقے دستگیر سے 6 افراد پر مشتمل خاندان پکنک منانے منوڑہ کے ساحلی مقام پر پہنچا تو کسی کے وہم و گمان بھی نہ تھا کہ مسکراہٹوں اور قہقہوں بھرا یہ سفر خون کے آنسو رُلانے والا دکھ بن جائےگا.
پورا خاندان سمندر میں نہانے کا لطف اُٹھا رہا تھا کہ موت کی موج دو بہنوں، ایک بھائی اور بہنوئی کو بہا کرلےگئی۔
جاں بحق ہونے والے بہنوں اور بھائی کی شناخت حافظہ امام، صبا امام اور معاذ امام کے ناموں سے ہوئی ہے جب کہ بہنوئی مصطفی آفتاب تاحال لاپتہ ہے۔
پولیس اور ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ رات ہونے کے باعث مصطفی آفتاب کی تلاش کا عمل روک دیا گیا۔ اتوار کی صبح سرچ آپریشن دوبارہ شروع کیا جائے گا۔