20 فروری ، 2013
اسلام آباد … وفاقی وزیر قانون فارو ق ایچ نائیک نے کہا ہے کہ پنجاب میں نئے صوبے کے قیام سے متعلق ترمیمی بل آئندہ ہفتے سینیٹ میں پیش کردیا جائے گا، نیا صوبہ زبان نہیں بلکہ انتظامی و معاشی بنیادوں پر بنایا جارہا ہے۔ اسلام آباد میں جیو نیوز سے گفتگوکرتے ہوئے وفاقی وزیر قانون فاروق نائیک نے کہا کہ پنجاب میں نئے صوبے سے متعلق بل منظوری کیلئے اس وقت تک صدر مملکت کو نہیں بھجوایا جائے گا جب تک پنجاب اسمبلی دو تہائی اکثریت سے اس کی منظوری نہیں دے دیتی۔ انہوں نے کہا کہ امید کرتا ہوں اسی ہفتے رپورٹ پیش ہو جائے گی، اس کے بعد اگلے ہفتے بل سینیٹ میں پیش کر دیا جائے گا، قومی اسمبلی کے بعد یہ بل پنجاب اسمبلی میں جائے گا ، امید ہے پنجاب اسمبلی بھی اسے پاس کر دے گی ۔