20 فروری ، 2013
پشاور … جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ عام انتخابات کے انعقاد میں رکاوٹیں ڈالی جارہی ہیں، تاہم الیکشن ہر صورت میں ہوں گے، ان کا طالبان سے کوئی براہ راست رابطہ نہیں ہوا۔ وہ پشاور میں اورکزئی ایجنسی سے رکن قومی اسمبلی منیر اورکزئی کی جمعیت علمائے اسلام (ف) میں شمولیت کے موقع پر پریس کانفرنس کر رہے تھے۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ آج پاکستان میں اصل ضرورت عام آدمی کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ملک میں باوقار سیاست کو متعارف کروایا ہے اور ہم عوام دوست حکومت قائم کرنا چاہتے ہیں، ہم دوست بن کر دنیا کے ساتھ چلنا چاہتے ہیں۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ملک میں اداروں کو مستحکم کرنا چاہتے ہیں اور پڑوسی ممالک کے ساتھ باہمی احترام کی بنیاد پر تعلقات قائم کرنا چاہتے ہیں۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہمیں عالمی برادری سے اختلاف ہے، دشمنی نہیں، ہم دلائل کی بنیاد پر اپنا موٴقف منوانے پر یقین رکھتے ہیں۔