20 فروری ، 2013
اسلام آباد … وفاقی کابینہ نے دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد کی روک تھام کے بل 2012ء اور حج پالیسی 2013ء کی منظوری دے دی ہے۔ وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم راجا پرویز اشرف کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوا۔ کابینہ نے دھماکا خیز مواد آئی ای ڈیز کی روک تھام کے بل 2012ء کی منظوری دے دی، اس بل کے تحت آئی ای ڈیز میں استعمال ہونے والی اشیاء کی درآمد اور برآمد پر پابندی ہوگی۔ بل کے تحت آئی ای ڈیز بنانے اور اس میں استعمال ہونے والی اشیاء فروخت کرنے والوں کو انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت سزائیں دی جا سکیں گی۔ کابینہ نے حج پالیسی 2013ء کی منظوری دی جس کے تحت ایک لاکھ 80 ہزار عازمین فریضہ حج ادا کریں گے۔ ذرائع کے مطابق کابینہ نے کراچی حیدر آباد ایم نائن موٹر وے تعمیر کا ٹھیکہ نیسپاک اور ایف ڈبلیو او کو دینے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ شیل کمپنی کو پاکستان میں تیل دریافت کرنے کی اجازت دینے کی بھی منظوری دے دی۔ ذرائع کے مطابق کابینہ اجلاس میں اوگرا کو گیس کمپنیز سے لائن لاسز وصول کرنے کا معاملہ طے نہ پاسکاجس کے حل کیلئے کمیٹی بنا دی گئی ہے۔ اجلاس کے آخر میں وفاقی کابینہ کا الوداعی فوٹو سیشن بھی ہوا۔