Time 09 اکتوبر ، 2024
کاروبار

بجلی کے واحد خریدار کے کردار کے خاتمے کیلئے انڈپینڈنٹ ملٹی پلئیر مارکیٹ بنانےکا فیصلہ

بجلی کے واحد خریدار کے کردار کے خاتمے کیلئے انڈپینڈنٹ ملٹی پلئیر مارکیٹ بنانےکا فیصلہ
اس ادارےکے ذریعے پاکستان میں بجلی کی مؤثر اورشفاف مسابقتی مارکیٹ قائم کی جائے گی: اعلامیہ/ فائل فوٹو

اسلام آباد: حکومت نے بجلی کی پیداوار اور خریداری کے لیے انڈپینڈنٹ ملٹی پلئیر مارکیٹ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ 

وزیراعظم شہبازشریف کی زیرِصدارت کابینہ کمیٹی توانائی کا اجلاس ہوا جس میں بجلی کی پیداوار اور خریداری کے لیے انڈپینڈنٹ ملٹی پلئیرمارکیٹ بنانے کی منظوری دی گئی۔ 

اعلامیے میں بتایا گیا کہ انڈپینڈنٹ سسٹم اینڈ مارکیٹ آپریٹر  ( آئی ایس ایم او)کی کابینہ سے توثیق کی جائے گی اور اسے کمپنیز ایکٹ2017 کے تحت ایس ای سی پی سے رجسٹرکیاجائےگا۔ 

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں کابینہ کمیٹی توانائی کو بجلی کے شعبے کے گردشی قرضوں پر بریفنگ بھی دی گئی۔

وزیراعظم نے حکام کو ہدایت کی کہ بجلی کے شعبے میں چوری اور نقصانات کوکم کرنےکے لیے اقدامات تیز اور مؤثر بنائے جائیں، بجلی چوری میں ملوث تقسیم کارکمپنیوں کے ملازمین کےخلاف محکمانہ کارروائی کی جائے اور بجلی شعبےکی اصلاحات، چوری کے سدباب کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے۔

اعلامیے کے مطابق آئی ایس ایم اوحکومت کے ملک میں بجلی کے واحد خریدار کے کردار کو بتدریج ختم کرےگا اور بجلی کی مارکیٹ کو ملٹی پلیئر انڈپینڈنٹ مارکیٹ میں تبدیل کر دے گا۔ 

حکام کے مطابق اس ادارےکے ذریعے پاکستان میں بجلی کی مؤثر اورشفاف مسابقتی مارکیٹ قائم کی جائے گی، اس نظام سے بجلی صارفین کو تقسیم کارکمپنیوں اور دیگر سپلائرز سے بجلی خریدنےکی سہولت فراہم ہو سکےگی جب کہ اس ادارے سے کم سےکم لاگت کی بجلی پیداوار اور ترسیل کےنظام کےلیے طویل مدتی منصوبہ بندی کی جا سکے گی۔ 

اعلامیے میں مزید بتایا گیا ہےکہ آئی ایس ایم او کے قیام سے بجلی کے شعبے میں گردشی قرضے اور بجلی کے نرخوں میں کمی ہوگی جب کہ  آئی ایس ایم او کے بورڈ میں بجلی کے شعبے کے ماہرین کی شمولیت بھی یقینی بنائی جائے گی۔ 

مزید خبریں :