Time 09 اکتوبر ، 2024
پاکستان

’بیماریوں کے باعث طبیعت خراب ہے‘، زہر دینے کی خبروں پر افضل شیر مروت کا ویڈیو بیان سامنے آگیا

’بیماریوں کے باعث طبیعت خراب ہے‘،  زہر دینے کی خبروں پر افضل شیر مروت کا ویڈیو  بیان سامنے آگیا
میری دھرنوں میں عدم شرکت کو بھی غلط طریقے سے اجاگر کرنے کی کوشش کی جارہی ہے: پی ٹی آئی رہنما/ فائل فوٹو

تحریک انصاف کے رہنما شیر افضل مروت نے  خود کو   زہر دیے جانے سے  متعلق  خبروں کی تردید کردی۔

سوشل میڈیا پر  پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت  کی ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ کئی روز سے میری صحت کے حوالے سے  کئی خبریں زیر گردش ہیں، میری دھرنوں میں عدم  شرکت  کو بھی غلط طریقے سے اجاگر کرنے کی کوشش کی جارہی ہے  لیکن ان خبروں میں کوئی صداقت نہیں کہ مجھے زہر دیا گیا ہے ، میں نے ٹیسٹ کروایا ہے  جس کے نتائج میں  ایسی کوئی علامات نہیں ملی ہیں۔

شیر افضل مروت نے کہا میں آپ کو بتانا چاہتا ہوں کہ  جب اسلام آباد پولیس نے ہمیں غیر قانونی طور پر اغوا کیا  اور پھر جب  ہم ضمانت پر رہا ہوئے تو اس کے اگلے روز سے  میری طبیعت ناساز ہے،  پہلے مجھے کورونا ہوا وہ ٹھیک ہوا تو  انفلوئنزا اور پھر مجھے ٹائیفائیڈ ہوگیا، اس کے بعد  میرے جگر کے ٹیسٹ ہوئے اور وہ بھی ٹھیک نہیں آئے، ان بیماریوں کے باعث میرا وزن 10 کلو کم ہوگیا، جگر کے انفیکشن اور دیگر بیماریوں کے باعث میری طبیعت خراب ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ  ان حالات میں مجھے آپ کی دعاؤں کی ضرورت  ہے اور جو بیماریاں مجھے لاحق ہیں ان کا میں بتاچکا ہوں، باقی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔

دھرنوں میں عدم شرکت کے حوالے سے شیر افضل مروت نے کہا کہ میں نے ہمیشہ پاکستان میں آئین کی بالادستی اور حکمرانی کیلئے احتجاج پر  زور دیا ہے اور مجھے شرمندگی ہے کہ جب یہ وقت آیا تو مجھے میری صحت نے شرکت کی اجازت نہیں دی۔

انہوں نے مزید کہا کہ جس طر ح 9 مئی کے بعد عوام کو ڈرایا گیا لیکن اس کے باوجود انہوں نے  ڈی چوک،  لاہور اور پنڈی کے جلسے میں جرات کا مظاہرہ کیا،  میں نے کوئی جلسہ کنونشن مس نہیں کیا  لیکن ابھی جگر کے انفیکشن اور دیگر بیماریوں نے میرا حال خراب کیا ہوا ہے، ان حالات میں مجھے آپ کی دعاؤں کی ضرورت  ہے، میرا آپ سے وعدہ ہے کہ طبیعت ٹھیک ہونے کے بعد آئندہ بھی ہر جلسے جلوس میں پہلے کی طرح کھڑا رہوں گا۔

مزید خبریں :