پاکستان
20 فروری ، 2013

بلوچستان اسمبلی اجلاس: سانحہ ہزارہ ٹاوٴن کیخلاف قرار داد مذمت پیش

بلوچستان اسمبلی اجلاس: سانحہ ہزارہ ٹاوٴن کیخلاف قرار داد مذمت پیش

کوئٹہ … بلوچستان اسمبلی میں سانحہ ہزارہ ٹاوٴن کے خلاف قرارداد مذمت پیش کردی گئی جبکہ سانحے میں جاں بحق افراد کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔ بلوچستان اسمبلی کا اجلاس 4 روز کے وقفے کے بعد آج اسپیکر سید مطیع اللہ آغا کی زیرصدارت دوبارہ ہوا۔ اجلاس کے آغاز میں جمعیت علمائے اسلام ف کے پارلیمانی رہنما مولانا عبدالواسع کی جانب سے نشاندہی پر سانحہ ہزارہ ٹاوٴن میں جاں بحق افراد کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی جبکہ ان کی جانب سے اس سانحے کیخلاف قرارداد مذمت بھی پیش کی گئی۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت ختم کی گئی اس کی چارج شیٹ آج تک تیار نہ ہوسکی، ہم ان ہاوٴس تبدیلی کیلئے تیار تھے، مگر ہماری حکومت ایک بیوروکریٹ کے اشارے پر ختم کی گئی ، پیپلز پارٹی اور صدر آصف علی زرداری نے ہمیں دھوکا دیا۔ اس موقع پر ان کا یہ بھی کہناتھا کہ ہم گوادر بندرگاہ کا انتظام چین کے حوالے کئے جانے کے منصوبے کو تسلیم نہیں کرتے، اب ہمیں یقین ہوگیا ہے کہ ہماری حکومت کا خاتمہ وفاق کی جانب سے گوادر پورٹ اور ریکوڈک منصوبوں میں من مانی کئے جانے کیلئے کیا گیا۔ انہوں نے کوئٹہ میں چھاپوں کے نام پر مدرسوں کے طلباء کو گرفتار اور تشدد کا نشانہ بنائے جانے کی مذمت بھی کی۔ بعد میں اسپیکر اسمبلی نے رولنگ دی کہ بلوچستان اسمبلی میں کوئی اپوزیشن لیڈر نہیں ہے اور نوابزادہ طارق مگسی کو سابق اسپیکر اسلم بھوتانی کا اپوزیشن لیڈر قرار دیا جانے والا نوٹی فکیشن 26 دسمبر کے اجلاس میں میری رولنگ پر منسوخ کردیا گیا تھا۔

مزید خبریں :