09 اکتوبر ، 2024
اداکار آغا علی نے کہا ہےکہ وہ فی الحال دوسری شادی کا ارادہ نہیں رکھتے اور نہ ہی ان کی مستقبل کے حوالے سے کوئی منصوبہ بندی ہے۔
آغا علی اور حنا الطاف کی شادی کورونا کے دوران مئی 2020 میں ہوئی تھی جب کہ 2022 میں جوڑے کے درمیان علیحدگی کی افواہیں گردش کرنے لگی تھیں جسے بعد ازاں آغا علی نے مسترد کردیا تھا۔
تاہم اب حال ہی میں احمد علی کے پوڈ کاسٹ کے دوران آغا علی نے اداکارہ حنا الطاف سے طلاق کی تصدیق کردی ہے۔
دوران پوڈکاسٹ میزبان کی جانب سے ہیپیلی ڈیوورسز مین کہے جانے کے جواب میں آغا کا کہنا تھا کہ’ الحمداللہ میں اب کافی اچھا ہوں، زندگی مشکل ہے لیکن کیا کہہ سکتے ہیں، میرے خیال میں زندگی کا کوئی بھی رشتہ ہو جو آپ نے اپنی خوشی سے بنایا ہو تو اس کو قائم رکھنے کے لیے آپ کو جی جان لگاکر پوری کوشش کرنی چاہیے اور دعا کرنی چاہیے لیکن اگر چیزیں درست سمت میں نہ ہوں تو رشتہ ختم کردینا چاہیے‘۔
میزبان احمد علی بٹ کے دوسری شادی کے سوال پر آغا علی کا کہنا تھا ’ زندگی کبھی کبھی آپ کو اتنی تیزی سے ہٹ کرتی ہے ہم تصور بھی نہیں کرپاتے، کچھ عرصہ پہلے میں سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ میں اتنے بڑے فیصلے لوں گا ‘۔
آغا علی نے کہا کہ ’مجھے لگتا ہے کہ میں زندگی میں بہت کچھ کرسکتا تھا جو میں نے نہیں کیا لہٰذا اب میں کچھ عرصہ خود کو دینا چاہتا ہوں مجھے اپنے کیرئیر اور شخصیت پر توجہ دینی ہے‘۔
اداکار نے مزید کہا کہ’فی الحال میں ابھی دوسری شادی کے بارے میں سوچ بھی نہیں رہا اور اس حوالے سے کچھ نہیں کہہ سکتا، بطور انسان ہمیں مستقبل کے بارے میں کچھ بھی علم نہیں ، نہ مجھے یہ معلوم ہے کہ کب کونسا فیصلہ لینا پڑ جائے‘۔