20 فروری ، 2013
گوجرانوالہ … سینٹرل جیل گوجرانوالہ میں قیدیوں کو گھر والوں سے بات کرنے کی سہولت فراہم کرنے کیلئے 5 ٹیلی فون بوتھ نصب کردیئے گئے ہیں، قیدی ہفتے میں ایک بار گھر والوں سے بات کرسکیں گے۔ پنجاب کی جیلوں میں ٹیلی فون بوتھ لگانے کی یہ سہولت سب سے پہلے سینٹرل جیل گوجرانوالہ میں فراہم کی گئی ہے۔ سزائے موت اور دیگر جرائم میں ملوث قیدیوں کو ہفتے میں ایک بار گھر والوں سے بات کرائی جائے گی۔ محکمہ پی ٹی سی ایل کے مطابق قیدیوں کے ٹیلی فون نمبر ان کے تھمب امپریشن پر فیڈ کئے جائیں گے اور اسی نمبر پر وہ ملک کے کسی بھی کونے میں بات کرسکیں گے۔ اس ٹیکنالوجی سے تمام ڈیٹا کنٹرول روم میں محفوظ رہے گا اور ان بوتھ کا غیر ضروری استعمال بھی نہیں ہوسکے گا۔ اس موقع پر صوبا ئی وزیر جیل کا کہنا تھا کہ پنجاب بھر کی دیگر 30 جیلوں میں جلد یہ سہولت فراہم کردی جائے گی، جس سے جیلوں میں موبائل فون کے غیر قانونی استعمال میں کمی آئے گی۔