Time 10 اکتوبر ، 2024
کھیل

ملتان ٹیسٹ: انگلینڈ نے پاکستان کیخلاف رنز کے انبار لگا دیے، 823 رنز پر اننگز ڈیکلیئر کردی

ملتان ٹیسٹ: انگلینڈ نے پاکستان کیخلاف رنز کے انبار لگا دیے، 823 رنز پر اننگز ڈیکلیئر کردی
ہیری بروک ڈبل سنچری کے بعد خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔ فوٹو کرک انفو

ملتان ٹیسٹ کے چوتھے روز  انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف پہلی اننگز  823 رنز بنا کر ڈیکلیئر کر دی۔

ملتان کے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں انگلینڈ نے چوتھے روز اپنی اننگز کا آغاز کیا تو جو روٹ 176 اور ہیری بروک 141 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے، دونوں بیٹرز نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستانی بولرز کی ایک نہ چلنے دی اور رنز کے انبار لگا دیے۔ 

پاکستان کے 556 رنز کے جواب میں انگلینڈ نے پہلی اننگز 823 رنز 7 کھلاڑی آؤٹ ہر ڈیکلیئر کر دی اور پہلی اننگز میں 267 رنز کی برتری حاصل کر لی۔

جو روٹ 262 رنز بنا کر سلمان علی آغا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے جبکہ ہیری بروک نے 317 رنز کی اننگز کھیلی۔ بابر اعظم نے نسیم شاہ کی گیند پر جو روٹ کا آسان کیچ بھی ڈراپ کیا، اس وقت جو روٹ 186 رنز پر بیٹنگ کر رہے تھے۔ 

پاکستان کی جانب سے صائم ایوب اور نسیم شاہ نے دو دو جبکہ شاہین آفریدی، سلمان علی آغا اور  عامر جمال نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں شان مسعود، عبد اللہ شفیق اور سلمان علی آغا کی سنچریوں کی بدولت 556 رنز اسکور کیے تھے۔

مزید خبریں :