Time 10 اکتوبر ، 2024
پاکستان

ایس سی او سربراہی کانفرنس، اسلام آباد اور راولپنڈی میں 3 روزہ عام تعطیل کا اعلان

اسلام آباد  میں  شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کی سربراہی کانفرنس کے موقع  پر  جڑواں  شہروں  میں 14 سے 16 اکتوبر  تک عام تعطیل کا اعلان کردیا گیا۔

اس طرح جڑواں شہروں میں تعلیمی ادارے 5 روز کے لیے ہفتہ 12 اکتوبر سے 16 اکتوبر تک بند رہیں گے۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز کے مطابق  اے/او لیول امتحانات منعقد کرنے والے ادارے کھلے رہ سکیں گے، ان کے امتحانات کا انعقاد اسلام آباد کے 3 سینٹرز میں ہوگا۔ای الیون، نور محل جی ٹی روڈ  اور  ایچ ایٹ امتحانی مراکز کھلے رہیں گے۔

ڈی سی اسلام آباد کے مطابق باقی تعلیمی ادارے اجلاس کے ایام میں مکمل طور  پر بند رہیں گے۔

ترجمان وزارت صحت کے مطابق 14، 15، 16 اکتوبر کو وفاق کے زیرانتظام اسلام آباد و راولپنڈی کے تمام اسپتال و پبلک ہیلتھ سہولیات کھلی رہیں گی۔

ایس سی او کانفرنس کے موقع پر سپریم کورٹ میں بھی تین روزہ تعطیلات کا اعلان کیا گیا ہے۔

کابینہ سیکرٹریٹ کے نوٹیفکیشن کے مطابق سپریم کورٹ پرنسپل سیٹ اسلام آباد میں 14 تا 16 اکتوبرچھٹی ہوگی جب کہ  سپریم کورٹ کی لاہور،کراچی، پشاور  اور کوئٹہ رجسٹریوں میں بینچ کام کریں گے۔

 ایس سی او سربراہی کانفرس کے لیے جڑواں شہروں میں سکیورٹی سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اس سلسلے میں 12 سے 16 اکتوبر تک شادی ہال،کیفے، ریسٹورنٹ  اور  اسنوکرکلب بند کرنےکا حکم دیا گیا ہے۔

پولیس نے تاجروں اور  ہوٹل مالکان سے شیورٹی بانڈز طلب کر لیے ہیں۔

ایس سی او  اجلاس کے دوران غیر ملکی سفارت کاروں کو نقل وحرکت محدود  رکھنےکی ہدایت کی گئی ہے۔

مزید خبریں :