Time 13 اکتوبر ، 2024
انٹرٹینمنٹ

مسابا گپتا کے ہاں بیٹی کی پیدائش، ویوین رچرڈز نانا بن گئے

مسابا گپتا کے ہاں بیٹی کی پیدائش، ویوین رچرڈز نانا بن گئے
پوسٹ شیئر کیے جانے کے فوراً بعد مداحوں اور مشہور شخصیات کی جانب سے مبارکبادوں کا سلسلہ شروع ہوگیا__فوٹو: بھارتی میڈیا

بھارت کی نامور فیشن ڈیزائنر مسابا گپتا اور اداکار ستیادیپ مشرا کے گھر ننھی پری کی آمد ہوئی ہے۔

جوڑے نے یہ خوشی کی اطلاع مشترکہ انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے مداحوں کو دی، جس میں انہوں نے اپنی بچی کے ننھے پاؤں پہلی جھلک کے طور پر  شیئر کیے۔

مسابا اور ستیادیپ نے بتایا کہ ان کی پہلی بیٹی 11 اکتوبر 2024 کو پیدا ہوئی، ان کی پوسٹ میں تاریخ  11.10.24 درج تھی جس سے پتہ چلتا ہے کہ ان کے ہاں بیٹی کی پیدائش 11 اکتوبر کو ہوئی، ساتھ ہی جوڑے نے  ایک نظر بد سے بچاؤ کی علامت والا ایموجی بھی بنایا۔

جوڑے نے ایک مونوکروم تصویر شیئر کی جس میں ان کی بچی کے ننھے پاؤں نظر آرہے ہیں۔

پوسٹ میں پس منظر میں چاند کی تصویر بھی موجود تھی، جب کہ ان کے اعلان میں لکھا تھا کہ 'ہماری بیٹی ایک خصوصی دن پر آئی، 11.10.2024۔ مسابا اور ستیادیپ'۔

پوسٹ شیئر کیے جانے کے فوراً بعد مداحوں اور مشہور شخصیات کی جانب سے مبارکبادوں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

واضح رہے کہ مسابا گپتا لیجنڈری ویسٹ انڈین کھلاڑی سر ویوین رچرڈز اور نینا گپتا کی بیٹی ہیں، انہوں نے ستیادیپ سے جنوری 2023 میں شادی کی تھی۔

عدالت میں سادگی سے ہونے والی اس شادی میں قریبی رشتہ داروں نے شرکت کی تھی، جس میں مسابا کی والدہ نینا گپتا اور والد ویو رچرڈز بھی شامل تھے۔

مزید خبریں :