13 اکتوبر ، 2024
ہنگری اوپن جونیئر اسکواش چیمپئن شپ میں پاکستان کی تین بہنوں نے غیر معمولی کارکردگی دکھاتے ہوئے دو ٹائٹل جیت لیے جبکہ تیسری بہن فائنل میں شکست کے بعد رنر اپ رہیں۔
مہوش علی نے انڈر 17 کیٹیگری میں شاندار کھیل پیش کیا اور اپنے گروپ کے دونوں میچز جیت کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ فائنل میں مہوش نے ہنگری کی ٹاپ سیڈ تمارا پیسکاریسکو کو 5-11، 2-11، 2-11 کے یک طرفہ مقابلے میں شکست دی۔
اس سے پہلے انہوں نے ہنگری کی دوسری سیڈ بریگیٹا کووکس کو بھی ہرایا تھا۔ یہ مہوش کا مسلسل دوسرا جونیئر ٹائٹل ہے جو ان کی بڑھتی ہوئی صلاحیتوں کا عکاس ہے۔
انڈر 13 کیٹیگری میں ماہ نور علی نے بھی اپنی بڑی بہن کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ٹائٹل جیتا۔ ماہ نور نے ہنگری کی ٹاپ سیڈ کرزسٹینا کن کو 1-11، 1-11، 0-11 سے شکست دے کر شاندار فتح حاصل کی۔
ماہ نور کے جارحانہ کھیل کے آگے کن بالکل بے بس نظر آئیں۔
سحرش علی انڈر 15 کیٹیگری میں فائنل تک پہنچیں لیکن فرانس کی کیسی لنکو کے ہاتھوں 18-20، 6-11 اور 3-11 سے شکست کھا کر دوسرے نمبر پر رہیں۔