Time 14 اکتوبر ، 2024
انٹرٹینمنٹ

ممبئی میں سلمان خان کی پارٹی میں شرکت کیلئے بہت منتیں کی تھیں: نادیہ حسین نے دلچسپ قصہ سنادیا

پاکستان کی سپر ماڈل اور اداکارہ نادیہ حسین نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے سلمان خان کی پارٹی میں شرکت کرنے کے لیے بہت منتیں کی تھیں۔

حال ہی میں نادیہ حسین جیو نیوز کے پروگرام ہنسنا منع ہے کہ مہمان بنیں جس میں انہوں نے میزبان تابش ہاشمی سے اپنے کیرئیر کے دلچسپ قصے شیئر کیے۔

تابش نے نادیہ سے ماضی میں پیش آنے والا ایک واقعہ پوچھا جب وہ بھارتی شہر ممبئی گئی تھیں، میزبان نے سوال کیا کہ جب آپ بھارت گئی تھیں تو وہاں جس ہوٹل میں رکی تھیں وہاں آپ نے کچھ مناظر دیکھے تو یہ کیا ہوا تھا؟

جواب میں اداکارہ نے بتایا میں ایک اشتہار کی شوٹنگ کے لیے ممبئی گئی ہوئی تھی اور جس ہوٹل میں ہمارا قیام تھا اس کے ہال میں سلمان خان کی بہن کی سالگرہ کی پارٹی ہورہی تھی۔

نادیہ نے بتایا کہ جب ہمیں پتا چلا یہ سلمان کی پارٹی ہے تو ہم نے بہت ہاتھ پاؤں مارے اور ترلے منتیں کیں کہ کسی طرح اس پارٹی میں شریک ہوجائیں، شکر ہے کہ کسی نا کسی طرح ہمیں اجازت مل ہی گئی۔

انہوں نے کہا کہ اس پارٹی میں بالی وڈ کی تمام شخصیات کو مدعو کیا گیا تھا، دیپیکا پڈوکون ، کترینہ کیف اور رنبیر کپور سب ہی وہاں تھے، یہ وہ وقت تھا جب سلمان اور کترینہ کے آپس میں تعلقات تھے، دیپیکا اور رنبیر کپور بھی ایک دوسرے کو ڈیٹ کررہے تھے۔

نادیہ نے کہا کہ ظاہر ہے ہماری وہاں کسی سے ملاقات تو نہیں ہوئی لیکن ہم نے سب کو دیکھا۔

نادیہ کے مطابق بالی وڈ اور پاکستانی اسٹارز کی پارٹی میں بہت فرق ہوتا ہے۔

مزید خبریں :