Time 15 اکتوبر ، 2024
دنیا

ویڈیو: شہادت کی افواہوں کے بعد ایرانی قدس فورس کے کمانڈر اسماعیل قاآنی منظرعام پر آگئے

گزشتہ کئی روز سے منظر عام سے غائب رہنے اور شہادت کی افواہوں کے بعد ایرانی پاسداران انقلاب کی قدس فورس کے کمانڈر اسماعیل قاآنی منظرعام پر آگئے ہیں۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق ایران کے سرکاری میڈیا پر گزشتہ شب اسماعیل قاآنی کی ویڈیو نشر کی گئی۔ 

ویڈیو میں اسماعیل قاآنی حزب اللہ سربراہ حسن نصر اللہ کے ساتھ شہید ہونے والے پاسداران انقلاب کے کمانڈر  عباس نیل فروشان کی میت ایران لائے جانے کے موقع پر موجود نظر آرہے ہیں۔

ایرانی سرکاری میڈیا کی جانب سے آج عباس نیل فروشان کے جنازے کی بھی براہ راست نشریات چلائی گئیں جن میں اسماعیل قاآنی نظر آرہے ہیں۔

ویڈیو: شہادت کی افواہوں کے بعد ایرانی قدس فورس کے کمانڈر اسماعیل قاآنی منظرعام پر آگئے
اسماعیل قاآنی، عباس نیل فروشان کے جنازے میں موجود ہیں— فوٹو: رائٹرز

خیال رہے کہ اکتوبر کے اوائل میں یہ خبریں آئی تھیں کہ اسرائیل نے بیروت میں فضائی بمباری کرکے حزب اللہ کے شہید سربراہ حسن نصر اللہ کے متوقع جانشین ہاشم صفی الدین کو شہید کردیا ہے۔

اسرائیلی میڈیا اور دیگر غیر ملکی میڈیا کی جانب سے دعویٰ کیا جارہا تھا کہ اسرائیلی حملے میں ہاشم صفی الدین کے ساتھ اسماعیل قاآنی بھی شہید ہوئے۔

حملے کے بعد سے اسماعیل قاآنی کا منظر عام سے غائب رہنا بھی افواہوں کا سبب بن رہا تھا تاہم گزشتہ دنوں ایران کی نیم سرکاری خبررساں ایجنسی تسنیم نے پاسداران انقلاب کے سینئر مشیر کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا تھا کہ اسماعیل قاآنی کو جلد ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی جانب سے ’نشان فتح‘ دیا جائے گا۔


مزید خبریں :