Time 16 اکتوبر ، 2024
دلچسپ و عجیب

گہرے سمندر میں 67 روز تک لاپتا رہنے والے روسی شخص کو زندہ تلاش کرلیا گیا

گہرے سمندر میں 67 روز تک لاپتا رہنے والے روسی شخص کو زندہ تلاش کرلیا گیا
فوٹو: روسی میڈیا

روس کے مشرقی علاقے میں اوختسک سمندر میں وہیل مچھلیاں دیکھنے کیلئے جانے والے روسی شخص کو دو ماہ سے زائد عرصے تک سمندر میں لاپتا رہنے کے بعد آخرکار تلاش کرلیا گیا۔

روسی خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق 46 سالہ میخائل پیچوگن کو ایک ماہی گیر کشتی کے عملے نے وہیل مچھلیاں دیکھنے کیلئے اپنے سفر کی شروعات کے مقام سے تقریباً ایک ہزار کلومیٹر دور گھرے سمندر میں ایک ربڑ کی کشتی میں بھٹکتا ہوا پایا۔

خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق میخائل پیچوگن کے بھائی اور 15 سالہ بھتیجے کی لاشیں بھی اسی ربڑ کی کشتی پر پائی گئیں، وہ لوگ وہیل مچھلیاں دیکھنے کیلئے نکلے تھے اور اپنے ساتھ دو ہفتوں کا کھانے کا سامان ساتھ لیکر گئے تھے۔

میخائل پیچوگن کی اہلیہ کا کہنا تھا کہ جب وہ اپنے سفر پر روانہ ہوئے تھے تب ان کا وزن 100 کلوگرام کے قریب تھا تاہم 67 روز بعد جب انہیں بچایا گیا تو ان کا وزن اس سے آدھا رہ گیا ہے، شاید ان کے وزن نے انہیں بقا کی جنگ جیتنے میں مدد کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں کچھ معلوم نہیں ہم صرف اتنا جانتے ہیں کہ وہ زندہ ہیں اور یہ کسی معجزے سے کم نہیں ہے۔

روسی خبر ایجنسی کے مطابق میخائل پیچوگن کو اسپتال منتقل کردیا گیا تھا اس وقت وہ صحتیاب ہو رہے ہیں، جہاں ڈاکٹروں نے ان کی حالت کو "کچھ حد تک مستحکم" قرار دیا ہے۔

مزید خبریں :