Time 20 اکتوبر ، 2024
پاکستان

پشاور سمیت پختونخوا کے 17 اضلاع میں ضمنی بلدیاتی انتخابات کیلئے ووٹنگ

پشاور سمیت پختونخوا کے 17 اضلاع میں ضمنی بلدیاتی انتخابات کیلئے ووٹنگ
بلدیاتی انتخابات کیلئے صوبے میں 260 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، الیکشن کمیشن/ فائل فوٹو

پشاور سمیت خیبرپختونخوا میں کے 17 اضلاع میں ضمنی بلدیاتی انتخابات کے لیے ووٹنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ 

ضمنی بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق پشاور،نوشہرہ، چارسدہ، صوابی، کوہاٹ، کرک، لکی مروت، ڈی آئ خان اور ٹانک میں، ایبٹ آباد، مانسہرہ، کولائی پالس، سوات، شانگلہ، بونیر، دیر لوئر اور باجوڑ میں بھی ضمنی بلدیاتی انتخابات ہورہے ہیں۔

الیکشن کمیشن حکام کا بتانا ہےکہ ضمنی بلدیاتی انتخابات کیلئے صوبے میں 260 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں اور رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 3 لاکھ 45 ہزار 604 ہے جبکہ انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر سکیورٹی کیمرے بھی نصب کیے گئے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق 53 ویلیج و نیبرہڈ کونسلز کی 54 خالی نشستوں پر ضمنی انتخابات ہو رہے ہیں جبکہ پشاور کی 5 ویلیج کونسلز میں ضمنی انتخابات کیلئے 13 امیدوار میدان میں ہیں۔ 

پولیس کے مطابق صوبے بھر میں ضمنی بلدیاتی الیکشن کے لیے 6500 سے زائد اہلکار تعینات ہیں جبکہ پشاور میں 800 سے زیادہ اہلکار سکیورٹی کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔

مزید خبریں :