Time 20 اکتوبر ، 2024
پاکستان

حکومت کے پاس 3 متبادل ڈرافٹ ہیں، ووٹ نہ دیا تو حکومت من مانا مسودہ منظور کرا لے گی: رہنما جے یو آئی

حکومت کے پاس 3 متبادل ڈرافٹ ہیں، ووٹ نہ دیا تو حکومت من مانا مسودہ منظور کرا لے گی: رہنما جے یو آئی
مولانا کو صورتحال سے آگاہ کروں گا، دعا کرنی چاہیے کہ اللہ ہم سے غلط فیصلہ نہ کرائے: سینیٹر کامران مرتضی/ فائل فوٹو

اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام کے رہنما اور سینیٹر کامران مرتضیٰ کا کہنا ہے کہ حکومت کے پاس تین متبادل ڈرافٹس تیار  ہیں، اگر ہم نے ووٹ نہ دیا تو حکومت اپنا من مانا مسودہ منظور کرا لے گی۔ 

مولانا فضل الرحمان کی رہائشگاہ آمد کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر کامران مرتضیٰ کا کہنا تھا کہ دعا کرنی چاہیے کہ اللہ ہم سے غلط فیصلہ نہ کرائے۔

 انہوں نے  کہا کہ حکومت کے پاس تین متبادل ڈرافٹ تیار ہیں، اگر ہم نے ووٹ نہ دیا تو حکومت اپنا من مانا مسودہ منظور کرا لے گی، پھر آرٹیکل 8 اور آرٹیکل 191 میں بھی ترمیم ہو جائےگی۔

جے یو آئی رہنما نے مزید کہا کہ  پی ٹی آئی کا وفد پہنچ رہا ہے جس کے بعد مولانا فضل الرحمان کو صورتحال سے آگاہ کروں گا۔ 

دوسری جانب آئینی ترمیم کے حوالے سے گفتگو کرتےہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ سینیٹ اور قومی اسمبلی میں آئینی ترمیم کے لیے ووٹ مکمل ہیں اور  آج ہر صورت آئینی ترمیم ہو جائے گی۔ 

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ اپوزیشن دعوے نہ کرے تو کیا کرے،کچھ تو سودا بیچنا ہے، آئنی ترمیم پر آج چھٹی کے دن ان کی چھٹی ہو جائے گی۔ 


مزید خبریں :