25 اکتوبر ، 2024
برطانوی ہائی کمیشن کے عہدیدار الیکس فینشوے نے کہا ہے کہ کرکٹ کے ذریعے انگلینڈ اور پاکستانی عوام کے درمیان کنکشن بنتاہے، پاکستان اور انگلینڈ کے لوگ کرکٹ کیلئے ایک طرح کی محبت رکھتے ہیں۔
جیونیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے برطانوی ہائی کمیشن کے عہدیدار الیکس فینشوےکا کہنا تھا کہ پاکستان کے گزشتہ دورہ انگلینڈ کےموقع پر میچز دیکھنے کا اتفاق ہوا، انگلینڈ میں پاکستانی شائقین کی تعداد لاجواب تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ برمنگھم میں پاکستانی شرٹس انگلینڈ کی شرٹس سے زیادہ دکھائی دیتی ہیں، انگلینڈ کی ٹیم جب بھی آتی ہے تو پاکستانی میڈیا اور اخبار وں میں فرنٹ پیج پر ہیڈلائن لگتی ہے۔
برطانوی ہائی کمیشن کے عہدیدار نے مزید کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کا پاکستان میں ہونا خوش آئند ہے، وائٹ بال کرکٹ کو پاکستانی زیادہ شوق سے دیکھتے ہیں، پاکستان سپر لیگ میں بھی پاکستانی شائقین کی بہت تعداد ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے ساتھ ساتھ تعلیم اور موسمیاتی تبدیلی جیسے معاملات میں بھی پاکستان انگلینڈ ساتھ کام کر رہےہیں۔
پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان جاری تیسری ٹیسٹ میچ پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ راولپنڈی ٹیسٹ میں پچ اسپنرز کیلئے سازگار مل رہی ہے، راولپنڈی ٹیسٹ پانچویں دن تک جاتا دکھائی نہیں دے رہا۔
انگلینڈ کے کھلاڑی ریحان احمد سے متعلق بات کرتے ہوئے الیکس فینشوے کا کہنا تھا امید ہے وہ اچھا پرفارم کریں گے، ریحان احمد کی فیملی میرپور سے ہے۔