Time 25 اکتوبر ، 2024
پاکستان

ویڈیو: حجامت کرانے گیا تو نوجوان فیشل کرارہا تھا جس وجہ سے تقریب میں دیر ہوئی: جسٹس فائز کی بات پر قہقہے

اسلام آباد: چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے گزشتہ روز تقریب میں تاخیر سے پہنچنے پر معذرت کرتے ہوئے کہا حجامت کروانے کیا جس کی وجہ سے تاخیر ہو گئی۔

گزشتہ روز ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا کہنا تھا مجھے تقریب میں جلدی پہنچنے کی عادت ہے لیکن جسٹس نعیم افغان نے کہا تقریب میں حجامت کروا کر آئیےگا، حجامت کروانے گیا تو ایک نوجوان فیشل کروا رہا تھا جس سے تاخیر ہوگئی۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا کہنا تھا فاروق ایچ نائیک کو تب سے جانتاہوں جب میں نے  وکالت شروع کی تھی، فل کورٹ سے متعلق ٹاک شو دیکھ رہا تھا، سب کہہ رہے تھے چیف جسٹس یہ کریں گے فلاں جج وہ کریں گے۔

ان کا کہنا تھا ٹاک شو میں جسٹس یحییٰ آفریدی کا پوچھا گیا تو تجزیہ کار نے کہا ان کا کسی کو معلوم نہیں، تجزیہ کار  بولا جسٹس یحییٰ آفریدی جو بھی کریں گے آئین کے مطابق کریں گے، لوگ ہمیں سمجھ گئے لیکن جسٹس یحییٰ آفریدی کو نہیں سمجھ پائے۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا کہنا  تھا میں 1982 سے کام کر رہاہوں، 42 سال سے مسلسل کام کر رہا ہوں، ایک ماہ کی چھٹیاں لیتا تھا لیکن اب تو کافی عرصہ ہوگیا چھٹیاں لیے ہوئے، بلوچستان ہائیکورٹ میں جتنے بھی ججز کی نامزدگی کی سب کی تعیناتی ہوئی۔

خیال رہے کہ بطور چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کا آج آخری روز ہے، اگلے چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی ہوں گے جن کی منظوری خصوصی پارلیمانی کمیٹی برائے ججز نے دی تھی اور پھر وزیراعظم شہباز شریف کی سفارش پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے جسٹس یحییٰ آفریدی کے بطور چیف جسٹس پاکستان تعیناتی کی منظوری بھی دے دی تھی۔

مزید خبریں :