Time 25 اکتوبر ، 2024
پاکستان

ڈاکٹر شاہنواز قتل کیس پر قائم انکوائری کمیٹی کی رپورٹ میں اہم انکشافات

ڈاکٹر شاہنواز قتل کیس پر قائم انکوائری کمیٹی کی رپورٹ میں اہم انکشافات
ڈاکٹر شاہنواز کو عمرکوٹ پولیس نے کراچی کے ہوٹل سے گرفتار کیا: انکوائری رپورٹ/ فائل فوٹو

میرپورخاص: ڈاکٹر شاہ نواز کی جعلی پولیس مقابلے میں ہلاکت کے معاملے پر قائم انکوائری کمیٹی کی رپورٹ میں اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔ 

جیو نیوز کے مطابق آئی جی سندھ کی انکوائری کمیٹی کی رپورٹ میں انکشافات ہوا کہ ڈاکٹر شاہنواز کو عمرکوٹ پولیس نے کراچی کے ہوٹل سے گرفتار کیا اور ایس ایس پی عمرکوٹ کی ہدایت پر ڈاکٹر شاہنواز کو میرپورخاص میں پولیس کے حوالے کیاگیا۔

رپورٹ کے مطابق سی سی ٹی وی سے واضح ہے کہ ڈاکٹر شاہنواز کو ایس ایس پی میرپورخاص کی گاڑی میں منتقل کیاگیا، ڈاکٹر شاہنواز کی حوالگی میرپورخاص میں جمڑاؤ چیک پوسٹ پر کی گئی جس کے  ڈیڑھ گھنٹے بعد انہیں سندھڑی میں قتل کردیاگیا۔ 

حکام کے مطابق دو ڈی آئی جیز اور دو ایس ایس پیز پر مشتمل چار رکنی انکوائری کمیٹی نے رپورٹ تیار  کی جو 115 صفحات پر مشتمل  ہے جب کہ رپورٹ میں 24 افسران و اہلکاروں کے بیانات لیے گئے ہیں، رپورٹ میں 10 سے زائد گواہان اور ورثا کے بیانات بھی شامل کیے گئے ہیں۔ 

حکام کا بتانا ہے کہ آئی جی سندھ کی انکوائری رپورٹ وزیرداخلہ کوارسال کردی گئی تھی۔ 

خیال رہے کہ 18ستمبر کی رات سندھڑی پولیس نے مبینہ مقابلے میں عمرکوٹ کے رہائشی ڈاکٹرشاہنواز کی ہلاکت کا دعوٰی کیا تھا۔

مزید خبریں :