22 فروری ، 2013
اسلام آباد…گورنر اسٹیٹ بینک یاسین انور نے خبردار کیا ہے کہ ملک کی معاشی حکمت عملی تبدیل کرنے کی ضرورت ہے اگر ایسا نہ ہوا تو پاکستان قرض کے دلدل میں دھنستا جائے گا۔اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فروری میں آئی ایم ایف کو مزید 39 کروڑ ڈالر واپس کرنا ہیں اور اُس سے روپے کی قدر میں کمی نہیں ہوگی۔اُن کا کہنا تھا کہ اسٹیٹ بینک کی کوششوں سے روپے کی قدر کو سہارا ملا اور مرکزی بینک اس معاملے میں تماشائی نہیں بنا ہوا۔تیل کی بین الاقوامی کی قیمتوں کے حوالے سے یاسین انور کا کہنا تھا کہ اگر خام تیل کی قیمت میں 5 ڈالر فی بیرل کمی آجائے تو سالانہ 75 کروڑ ڈالر کی بچت ہو سکتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ترسیلات زر منگوانے کے لیے صرف اے ریٹنگ کمپنیاں ہی فعال رہیں گی اور بی ریٹنگ کمپنیوں کو یہ سہولت نہیں ملے گی۔