29 اکتوبر ، 2024
ممتاز اسلامی اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک کا کہنا ہےکہ پوری دنیا میں سے سب سے زیادہ پیار پاکستان میں ملا، پاکستان کا دورہ بہت اچھا رہا۔
راولپنڈی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ذاکر نائیک کا کہنا تھا کہ پاکستانی وزیراعظم، وزیراعلیٰ پنجاب، سندھ حکومت، خصوصاً گورنر سندھ اور تمام اداروں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
ذاکر نائیک کا کہنا تھا کہ پاکستان کا دورہ بہت اچھا رہا، میرا اچھے طریقے سے خیر مقدم کیا گیا اور سکیورٹی بھی فراہم کی گئی، 1991 میں بھی پاکستان آیا تھا ان دنوں تبلیغ نہیں کرتا تھا، پاکستان کے تمام مذہبی اداروں نے مجھے عزت و احترام دیا، پوری دنیا سے سب سے زیادہ پیار پاکستان میں ملا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان آکر اپنے آپ کو بہت محفوظ سمجھا۔ نوجوان سوشل میڈیا کا غلط نہیں درست استعمال کریں۔ اللہ کے دین کو پھیلانے کے لیے ٹیکنالوجی کا استعمال کرنا چاہیے۔ پاکستانی نوجوانوں میں جوش و جذبہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ فلسطین کے حالات پر دل دکھتا ہے، ایک وقت آئے گا جب سب مسلمان متحد ہوں گے۔ پاکستان واحد ملک ہے جو اسلام کے نام پر بنا ہے۔ علما اور حکمران مل کر بیٹھیں تاکہ کامیابی ہو۔