Time 29 اکتوبر ، 2024
پاکستان

پاکستان معاشی مشکلات سے نکل کرمستحکم معیشت اور ترقی کی راہ پر گامزن ہے: وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان معاشی مشکلات سے نکل کرمستحکم معیشت اور ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔

سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں آٹھویں فیوچرانویسٹمنٹ انیشی ایٹیو کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شہبازشریف کاکہنا تھاکہ یہ کانفرنس خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان کا شاندار اقدام ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان معاشی مشکلات سے نکل کرمستحکم معیشت اور ترقی کی راہ پر گامزن ہے، حکومت نے کاروباری سرگرمیوں اورسرمایہ کاری میں اضافے کیلئے جامع اصلاحات کا عمل شروع کیا۔

ان کا کہنا تھاکہ خطے میں اقتصادی روابط کے مرکز کے طورپر پاکستان کا وژن اقتصادی استحکام اور ترقی کا ہے، پاکستان کی نوجوان آبادی ہمارے روشن مستقبل کی نوید اورپاکستان کا سب سے بڑا اثاثہ ہیں۔

وزیرِاعظم کا کہنا تھاکہ نوجوانوں کو مصنوعی ذہانت، تعلیم اورصحت کے حوالے سے بااختیار بنا رہے ہیں اورپاکستان مختلف اقدامات کے ذریعے مصنوعی ذہانت کی بے پناہ استعداد سے استفادے کیلئے کوشاں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دوست ممالک سمیت پوری دنیا کے ساتھ مل کرایسے مستقبل کی تشکیل چاہتے ہیں جو جدت پر مبنی ہو۔

بعدازاں وزیر اعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کےلیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور صحت و تندرستی کےلیے دعا کی۔

شہباز شریف نے بین الاقوامی مالیاتی اداروں سے متعلق معاملات پر سعودی عرب کی حمایت پر اظہار تشکر کیا اور پاکستانی وفد کی پرتپاک مہمان نوازی پر بھی ولی عہد کا شکریہ ادا کیا۔

مزید خبریں :