Time 30 اکتوبر ، 2024
پاکستان

کراچی: غیرملکیوں سے لوٹ مار کی خبر پر وزیراعلیٰ سندھ کا نوٹس، واقعے کی رپورٹ طلب کرلی

کراچی: غیرملکیوں سے لوٹ مار کی خبر پر وزیراعلیٰ سندھ کا نوٹس، واقعے کی رپورٹ طلب کرلی
فوٹو: فائل

کراچی میں غیر ملکیوں سے مبینہ طور پر پولیس جیسی وردی میں ملبوس ڈاکوؤں کی ڈکیتی کی واردات سے متعلق جیو نیوز پر چلنے والی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔

ڈی ایچ اے حکام کے مطابق پولینڈ سے پاکستان آنے والے غیرملکیوں کے ساتھ 27 اکتوبر کو ڈیفینس کے علاقے خیابان مجاہد کے قریب ڈکیتی کی واردات پیش آئی تھی۔

غیرملکیوں نے بیان دیا تھا کہ پولیس جیسی وردی میں کار سوار ملزمان نے تلاشی کے بہانے ہمیں روکا اور 1080 ڈالر سے زائد غیر ملکی کرنسی لوٹ لی۔

حکام نے بتایا کہ خاتون سمیت تین غیرملکیوں کو درخشاں تھانے کی حدود میں لوٹا گیا جن کے پاس نہ ہی سکیورٹی تھی اور نہ ہی انہوں نے انتظامیہ کو اپنی آمد سے آگاہ کیا تھا۔

پولیس نے بتایا کہ انہوں نے غیر ملکی باشندوں کے بیانات لے لیے ہیں اور اطراف کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے واقعے کا نوٹس لے کر ایڈشنل آئی جی کراچی سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ سیاحوں کو لوٹنا اور زد و کوب کرکے تشدد کرنا نہایت حوصلہ شکن واقعہ ہے جس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کے واقعات سے ملکی وقار مجروح ہوتا ہے، مجرموں کو گرفتار کرکے سخت سزا دی جائے۔

مزید خبریں :