30 اکتوبر ، 2024
برطانیہ کی چانسلر آف دی ایکسچیکر یا وزیر خزانہ ریچل ریویز آج اپنی رہائش گاہ کے باہر ایک سرخ بریف کیس اٹھائے میڈیا کے سامنے آئیں۔
یہ سرخ بریف کیس ان کئی سرخ بریف کیسز میں سے ایک ہے جو برطانیہ میں کابینہ کے اراکین اور دیگر اہم شخصیات کو دیا جاتا ہے۔
برطانیہ میں وزرا اور دیگر عہدے دار سرکاری دستاویزات لے جانے کے لیے ان بریف کیسز کا استعمال کرتے ہیں۔
ڈسپیچ باکس کہلانے والا یہ مشہور سرخ بریف کیس پہلی مرتبہ 1860 کی دہائی میں بنایا گیا تھا جو اس وقت کے چانسلر آف دی ایکسچیکر کے زیر استعمال رہا، اس کے بعد سرخ بریف کیس کا استعمال ایک روایت بن گیا جو آج تک جاری ہے البتہ درمیان میں کچھ چانسلرز نے اس کے استعمال سے اجتناب بھی برتا۔
اگرچہ برطانوی حکومت کی جانب سے تمام وزار کو ڈسپیچ باکسز فراہم کیے جاتے ہیں لیکن وزرا ’کانفیڈینشل‘ یا اس سے کم درجے کے حساس دستاویزات لے جانے کے لیے کسی بھی دوسرے بریف کیس کا استعمال کرسکتے ہیں تاہم ’سیکریٹ‘ یا اس سے زیادہ حساس درجہ بندی کے دستاویزات کے لیے انہیں یہ ڈسپیچ باکس استعمال کرنے ہوتے ہیں جو عام طور پر سرخ رنگ کے ہی ہوتے ہیں۔
برطانیہ میں آج بجٹ پیش کیا جارہا ہے اور اسی وجہ سے چانسلر آف دی ایکسچیکر نے روایت کے مطابق اپنی سرکاری رہائش گاہ 11 ڈاؤننگ اسٹریٹ کے باہر سرخ بریف کیس کے ساتھ تصاویر بنوائیں۔
ریچل ریویز نے اپنے ہاتھ میں جو سرخ بریف کیس اٹھا رکھا تھا اس میں وہ بجٹ تقریر تھی جو برطانوی ہاؤس آف کامنز میں کی جائے گی۔