Time 07 نومبر ، 2024
کھیل

پاکستان فٹبال فیڈریشن کے آئین میں ترامیم کیلئے غیر معمولی کانگریس اجلاس طلب

پاکستان فٹبال فیڈریشن کے آئین میں ترامیم کیلئے غیر معمولی کانگریس اجلاس طلب
فوٹو: فائل

پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف)  کی نارملائزیشن کمیٹی نے پی ایف ایف آئین میں ترامیم کے لیے 19 نومبر کو لاہور میں غیر معمولی کانگریس اجلاس طلب کرلیا ہے۔

پی ایف ایف ذرائع کے مطابق ان ترامیم کا مقصد انتخابی عمل کو فیفا کی ہدایات کے مطابق ہم آہنگ کرنا ہے۔

ذرائع کے مطابق اس اجلاس میں پی ایف ایف کے آئین کے آرٹیکل 38 اور آرٹیکل 90 میں ترامیم پر غور کیا جائےگا۔ یہ ترامیم انتخابی قواعد و ضوابط اور صدر کے عہدے کے امیدواروں کی اہلیت سے متعلق ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں آئین کے ان دو آرٹیکلز  میں ترامیم متعارف کرائی جائیں گی۔ فی الحال آرٹیکل 38 (4) کے تحت صدارتی امیدوار  بننے کے لیے لازمی ہے کہ امیدوار نے  پچھلے پانچ سال میں سے دو سال پی ایف ایف کانگریس، ایگزیکٹو کمیٹی یا کسی سرکاری عہدے  پرکام کیا ہو، تاہم تجویز کردہ ترامیم سے اس شرط میں نرمی دی جائےگی۔

 آرٹیکل 90 میں مجوزہ ترامیم انتخابی شیڈول اور طریقہ کار سے متعلق ہیں۔ فی الحال آرٹیکل 90 کے تحت ضلعی، صوبائی اور فیڈریشن سطح کے انتخابات کا شیڈول 31 جنوری تک طے ہونا لازمی ہے جب کہ انتخابات 31 جولائی تک مکمل ہونے چاہئیں اور نئی منتخب باڈی کو  یکم ستمبر کو  چارج سنبھالنا ہوتا ہے۔ مجوزہ ترامیم سے اس شیڈول میں لچک پیدا ہوگی ۔

اجلاس کی نگرانی کے لیے فیفا اور ایشین فٹبال کنفیڈریشن (اے ایف سی) کا پانچ رکنی وفد بھی پاکستان پہنچےگا۔

پاکستان فٹبال فیڈریشن نے کانگریس اجلاس کے لیے ڈیپارٹمنٹس کو خط لکھ دیا ہے جبکہ صوبائی ایسوسی ایشنز کو انتخابات کے نتائج کے سرکاری نوٹس کے فوری بعد اجلاس میں بلانے کا نوٹس دیا جائےگا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا  پاکستان فٹبال فیڈریشن کی نارملائزیشن کمیٹی کو مارچ میں ایک خط کے ذریعے آئین میں جزوی ترامیم کا اختیار دے چکی ہے۔

مزید خبریں :