18 نومبر ، 2024
بالی وڈ اداکار آیوشمان کھرانہ نے اپنے والد کو ڈکٹیٹر قرار دیتے ہوئے بچپن میں ان سے چپل اور بیلٹ سے مار کھانے کا انکشاف کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹریو میں آیوشمان کھرانہ نے انکشاف کیا کہ ان کے والد پی کھرانہ بے حد سخت طبیعت کے مالک تھے، وہ بچپن میں انہیں چپل اور بیلٹ سے مارا کرتے تھے جس کی وجہ سے ان کا بچپن صدموں سے دوچار رہا۔
آیوشمان کھرانہ کے مطابق ان کے والد پنجاب کے چندی گڑھ میں علم نجوم کے شعبے سے منسلک تھے جس دوران انہوں نے علم نجوم پر کئی کتابیں لکھیں اور گزشتہ برس ہی ان کا انتقال ہوا۔
انٹرویو کے دوران میزبان نے آیوشمان سے سوال کیا کہ کیا آپ اپنے والد کے مقابلے میں مختلف باپ ہیں؟ تو اس پر اداکار نے بتایا کہ میں بالکل مختلف باپ ہوں کیوں کہ میرے والد ایک طرح کے ڈکٹیٹر تھے جن کیلئے چپل اور بیلٹ سے مارنا عام سی بات تھا۔
اداکار نے اپنے بچپن کا قصہ سناتے ہوئے کہا کہ ’ ایک روزمیں ایک پارٹی سے واپس آیا تو میری شرٹ سے سگریٹ کے دھوئیں کی بو آرہی تھی، درحقیقت میں نے اپنے والد کے ڈر سے کبھی سگریٹ کو ہاتھ بھی نہیں لگایا تھا لیکن اس بو کی وجہ سے بھی مجھے مار پڑی‘۔
آیوشمان کھرانہ نے بتایا کہ ’میں اور طاہرہ کم عمری میں ہی والدین بن چکے تھے اور اس کیلئے سب سے اچھی بات میرا ایک بیٹی کا باپ ہونا ہے کیوں کہ بیٹیاں آپ کو زیادہ ہمدرد بننا سکھاتی ہیں اور آپ ایک بہتر انسان بن جاتے ہیں‘۔
واضح رہے کہ آیوشمان نے فلم میکر اور رائٹر طاہرہ کشیپ سے 2008 میں شادی کی تھی، دونوں کے اب دو بچے ایک بیٹا اور بیٹی بھی ہے۔