20 نومبر ، 2024
پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور اور پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے اڈیالا جیل میں ملاقات کی۔
ذرائع کے مطابق ملاقات جیل کے کانفرنس روم میں کروائی گئی اور دو گھنٹے تک جاری رہی، ملاقات میں 24 نومبر کے احتجاج اور سیاسی و پارٹی امور پر گفتگو ہوئی۔
یہ دو دن میں علی امین گنڈاپور کی عمران خان سے دوسری ملاقات تھی۔
ملاقات کے بعد علی امین گنڈا پور اور بیرسٹر گوہر میڈیا سے بات کیے بغیر روانہ ہوگئے۔
اڈیالہ جیل کے باہر بانی پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کی اور کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے اگر مذاکرات کل تک آگے بڑھے تو احتجاج نہیں جشن ہوگا۔
ان کا کہنا تھاکہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کوئی ڈیل نہیں ہورہی مذاکرات ہمارے مطالبات پر ہونگے اور اُن ہی سے ہوں گے جن کے پاس اصل طاقت ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز بانی پی ٹی آئی عمران خان نے اڈیالہ جیل میں وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور اور پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر سے ملاقات میں ان کو مذاکرات کی اجازت دی تھی۔
عمران خان نے کہا تھا مذاکرات ان سے ہی ہوں گے جن کے پاس پاور ہے۔