25 فروری ، 2013
لاہور…جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے جاتی عمرہ رائے ونڈ میں مسلم لیگ ن کے صدر محمد نواز شریف سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی ہے۔ ملاقات کے بعدمیڈیا سے بات چیت کرتے ہو ئے دونوں راہنماؤں کا انتخابات میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرنے پر اتفاق ہواہے۔ میاں نواز شریف نے کہا کہ فضل الرحمان جمہوریت پریقین رکھتے ہیں، اس لحاظ سے ہمارے دوست ہیں،سیاست میں دوریاں ،نزدیکیاں چلتی رہتی ہیں ، جبکہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اختلاف کے باوجود سیاسی لوگ دوست ہوتے ہیں،میاں صاحب سے مختلف امور پر تبادلہ خیال ہوا ہے جس کے تحت انتخابات میں تعاون کیلئے ہوم ورک کے طور پر ٹیمیں بنائی جائیں گی،نگراں حکومت کے ناموں پر بھی دوطرفہ اتفاق کا فیصلہ ہوا ہے،مولانا نے کہا کہ میاں صاحب کا شکرگزار ہوں کہ اے پی سی میں شرکت کی دعوت قبول کی۔میا ں نواز شریف نے اس موقع پر کہا کہ فضل الرحمان جمہوریت پریقین رکھتے ہیں اور ہم بھی اس لحاظ سے ہم دوست ہیں۔مولانا صاحب سے نگراں حکومت کے ناموں پر بھی غور اورتبادلہ خیال کیا گیا ،انتخابات میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرنے پر اتفاق ہوا ہے،انتخابات میں تعاون کیلئے دونوں جماعتوں کی کمیٹیاں بنائی جائیں گی۔آل پارٹیز کانفرنس میں مسلم لیگ (ن)ضرور شریک ہو گی۔