25 فروری ، 2013
اسلام آباد … ملک بھر میں ہونے والے پاور بریک ڈاوٴن کے خلاف سینیٹ میں حکومتی اتحادیوں اور اپوزیشن ارکان نے حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا، سینیٹر زاہد خان نے کہا کہ حکومت جب جونیئر افسر کو سیکریٹری پانی و بجلی بنا کر سینئرز کے اوپر بٹھا دے گی تو ایسا ہی ہو گا، گزشتہ رات مارشل لاء کی افواہیں پھیلنے لگیں۔ چیئرمین سینیٹ نیئر حسین بخاری کی زیر صدارت ایوان بالا کے اجلاس میں اے این پی کے سینیٹر زاہد خان کا کہنا تھا کہ پاور بریک ڈاوٴن کے باعث ملک میں مارشل لاء کی افواہیں اڑنے لگیں، جب حکومت گریڈ 21 کے جونیئر افسر کو سیکریٹری پانی و بجلی بنا کر سینئر افسران کے اوپر بٹھا دے گی تو ایسا ہی ہو گا۔ ایم کیو ایم کے سینٹر طاہر حسین مشہدی نے کہا کہ یہ سب حکومتی نالائقی اور بد انتظامی کی وجہ سے ہوا، حکومت عوام کو اندھیروں میں رکھنا چاہتی ہے۔ ایک تحریک پر چیئرمین سینیٹ نے اسلام آ باد میں پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم کے قیام سے متعلق تجاویز مرتب کرنے کیلئے خصوصی کمیٹی کے قیام کا اعلان کردیا۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹیز کے ارکان کی تعداد کم کرنے سے متعلق قواعد میں ترمیم بھی ایوان میں پیش کی گئی، جس کی اے این پی نے مخالفت کی۔ چیئرمین نے ترمیم کی منظوری منگل تک موٴخر کرتے ہوئے اجلاس صبح ساڑھے 10 بجے تک ملتوی کر دیا۔