03 دسمبر ، 2024
ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیو ملر نے ٹرمپ کی اتحادی ممالک کو دھمکیوں سے متعلق مؤقف دینے سے گریزکرتے ہوئے کہا کہ بھارتی ہم منصبوں سے سکھ رہنما کے قتل کی سازش پر بات ہوتی رہی ہے۔
واشنگٹن میں پریس بریفنگ دیتے ہوئے امریکی ترجمان میتھیو ملر نے کہا ہے کہ دہشتگردی اور شدت پسندی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں احتجاج پر امن ہونے چاہییں، حکومت پاکستان کو مظاہرین سے احترام کے ساتھ نمٹنا چاہیے۔
واضح رہے کہ نومبر 2023 میں امریکی انٹیلیجنس ایجنسیوں نے سکھ رہنما کے قتل کی سازش کو بے نقاب کیا تھا۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی شہری اور سکھ ایکٹوسٹ گرپتونت سنگھ پنوں کے قتل کی منظوری اُس وقت کے 'را' چیف سمنت گوئل نے دی تھی۔
رپورٹس کے مطابق امریکی خفیہ ایجنسیوں کا کہنا تھا کہ کرائے کے قاتلوں سے رابطہ را کے افسر وکرم یادیو نے کیا۔ 'را' نے قتل کا حکم اُس وقت دیا جب جون 23 میں نریندر مودی امریکا کے دورے پر تھے۔
امریکی میڈیا نے یہ بھی دعویٰ کیا تھا کہ امریکی ایجنسیوں نے ملزمان کے مودی کے قریبی حلقے سے ممکنہ روابط کے شواہد بھی حاصل کرلیے ہیں۔
امریکی شہری گرپتونت سنگھ کو قتل کرنے کی بھارتی سازش بے نقاب ہونے کے بعد امریکی صدر جو بائیڈن نے بھارت کا ہائی پروفائل دورہ منسوخ کردیا تھا۔