03 دسمبر ، 2024
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازکی زیرِ صدارت پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) کے پہلے اجلاس میں اتھارٹی کے قیام، تعیناتیوں اور قواعد و ضوابط سمیت دیگر امور کی منظوری دیدی گئی۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب نے پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی کو 3 ماہ میں فنکشنل کرنے کا ہدف دیتے ہوئے آپریشن اور پروسیجر اینڈ ریگولیشن 2024 کا جائزہ لینے کیلئے خصوصی کمیٹی قائم کر دی،
اجلاس میں پیرا سے متعلق کمیٹیوں کے قیام کے علاوہ ہیڈ کوارٹر، ڈویژن، ڈسٹرکٹ اور تحصیل سطح پر بھرتیوں، تبادلوں اور ڈیپوٹیشن پالیسی کی بھی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ ہر تحصیل میں سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر، انویسٹی گیشن آفیسر، سینیئر سارجنٹ اور سارجنٹ تعینات کئے جائیں گے۔