پاکستان
26 فروری ، 2013

ایک گروپ نگراں حکومت پر قابض ہونا چاہتا ہے،نواز شریف

 ایک گروپ نگراں حکومت پر قابض ہونا چاہتا ہے،نواز شریف

کراچی… مسلم لیگ ن نے ، نیشنل پیپلز پارٹی اور فنکشنل کے انتخابی اتحاد کا فیصلہ کیا ہے،اس بات کا اظہارمیاں نواز شریف نے کراچی میں پیر پگارا سے ملاقات کے بعد کیا۔مسلم لیگ کے صدر کا کہنا ہے کہ تینوں جماعتیں مل کر آیندہ وانتخابات میں حصہ لیں گی ،گٹھ جوڑ اور ملی بھگت سے سندھ کے عوام کو ایک بار پھر دھوکا دیا جارہا ہے۔ رشتہ و ہی قائم و دائم رہتا ہے جس میں لالچ نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ حکمران اتحاد سے ایک گروپ علیحدہ ہو کر نگراں حکومت پر قبضہ چاہتا ہے۔ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا ہے کہ انشاء اللہ انتخابات ہوں گے اور وقت پر ہی ہوں گے، کسی میں انتخابات ملتوی کرانے کی جرات نہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ سندھ کے عوام کو زنجیروں سے آزاد کرایاجائے، ہم سندھ میں تبدیلی لانا چاہتے ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ سیاسی بنیادوں پر مقرر کیے گئے گورنر کو تبدیل کیا جائے۔کراچی کے حوالے سے گفتگو میں ان کا کہنا ہے کہ کراچی میں روز لاشیں گرتی ہیں ،بھتا خوروں کا راج ہے ،اس شہر کو یرغمال بنالیا گیا ہے ،افسوس ناک پہلو یہ ہے کہ سندھ میں عسکری ونگ سے متعلق سپریم کورٹ احکامات پر کچھ نہیں کیا گیا، اگر سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل کیا جاتا تو شاہ زیب کا قتل نہیں ہوتا۔سندھ میں بلدیاتی آرڈیننس کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ سندھ بلدیاتی آرڈیننس کو ختم کرنا سندھی عوام کی فتح ہے۔

مزید خبریں :