پاکستان
26 فروری ، 2013

الیکشن وقت پر ہوں گے،نواز شریف،کامیابی اتحاد میں ہے،پگارا

الیکشن وقت پر ہوں گے،نواز شریف،کامیابی اتحاد میں ہے،پگارا

کراچی…مسلم لیگ ن ، فنکشنل لیگ اور نیشنل پیپلزپارٹی نے انتخابی اتحاد کا فیصلہ کیا ہے ، نواز شریف نے کہا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن اتحاد میں براہ راست مقابلہ ہوگا ،کسی میں جرات نہیں کہ الیکشن ملتوی کرادے، پیر پگارا کہتے ہیں ہم ساتھ رہے تو سندھ میں کامیابی ہماری ہوگی۔کنگری ہاؤس کراچی میں ہونے والی اس اہم ملاقات کے بعد دونوں راہنماؤں نے میڈیا سے گفتگو اور بعد ازاں سوالات کے جواب بھی دیئے۔اس موقع پر پیرپگارا نے کہا کہ میں جو کچھ کررہاہوں اپنے والد کی خواہش کے مطابق کررہا ہوں،پاکستان کے مفاد کیلئے قدم اٹھانے کیلئے اکٹھے ہوئے ہیں ،حکومت نے 5 سال میں عوام کو رسوا کیا ،بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں پیپلز پارٹی کا صفایا ہوگیا ہے ،اگر ہمیں لالچ ہوتا تو ہم پیپلز پارٹی سے اتحاد ختم نہ کرتے۔حکومت الیکشن میں دھاندلی کی منصوبہ بندی کررہی ہے ،ہماری کوشش ہے کہ ون ٹو ون الیکشن ہوں ۔اس موقع پر میاں نوا شریف نے کہا کہ ہم نے ، نیشنل پیپلز پارٹی اور فنکشنل کے انتخابی اتحاد کا فیصلہ کیا ہے، تینوں جماعتیں مل کر آیندہ وانتخابات میں حصہ لیں گی ،گٹھ جوڑ اور ملی بھگت سے سندھ کے عوام کو ایک بار پھر دھوکا دیا جارہا ہے۔ رشتہ و ہی قائم و دائم رہتا ہے جس میں لالچ نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ حکمران اتحاد سے ایک گروپ علیحدہ ہو کر نگراں حکومت پر قبضہ چاہتا ہے۔ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا ہے کہ انشاء اللہ انتخابات ہوں گے اور وقت پر ہی ہوں گے، کسی میں انتخابات ملتوی کرانے کی جرات نہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ سندھ کے عوام کو زنجیروں سے آزاد کرایاجائے، ہم سندھ میں تبدیلی لانا چاہتے ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ سیاسی بنیادوں پر مقرر کیے گئے گورنر کو تبدیل کیا جائے۔کراچی کے حوالے سے گفتگو میں ان کا کہنا ہے کہ کراچی میں روز لاشیں گرتی ہیں ،بھتا خوروں کا راج ہے ،اس شہر کو یرغمال بنالیا گیا ہے ،افسوس ناک پہلو یہ ہے کہ سندھ میں عسکری ونگ سے متعلق سپریم کورٹ احکامات پر کچھ نہیں کیا گیا، اگر سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل کیا جاتا تو شاہ زیب کا قتل نہیں ہوتا۔سندھ میں بلدیاتی آرڈیننس کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ سندھ بلدیاتی آرڈیننس کو ختم کرنا سندھی عوام کی فتح ہے۔

مزید خبریں :