26 فروری ، 2013
لاہور…پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ وہ انتخابی اصلاحات کی جنگ لڑ رہے ہیں،سپریم کورٹ میں انہیں نہیں سنا گیا، تیروں کی بارش اپنے جسم پر سہی،منہاج القرآن سیکریٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تمام مطالبات تسلیم کر کے صدر کو بھیج دیئے ہیں،اسکروٹنی کے 30روز اور آرٹیکل 62/63 کے معاملات بھی شامل ہیں ، الیکشن کی شفافیت یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن دباوٴ ڈالا جائیگا،انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن اپنے اوپر لگے مک مکا کا الزام ختم کرنا چاہتا ہے تو کسی سیاسی جماعت کے دباوٴ میں نہ آئے،ورنہ ثابت ہو جائے گا کہ کمیشن ذمہ داریاں نبھانے کا اہل نہیں رہا،انہوں نے کہا کہ حکومت اور سیاسی جماعتیں الیکشن کمیشن کو کم وقت دینا چاہتی ہیں ، ان کی جماعت الیکشن میں حصہ لینے نہ لینے کا اعلان 17 مارچ کو راولپنڈی کے جلسے میں کرینگے،ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ وہ میڈیکل چیک اپ کیلئے کینیڈا جا رہے ہیں ، 11 مارچ کو واپس آ جائیں گے۔