26 فروری ، 2013
راولپنڈی…راول پنڈی میں پاکستان تحریک انصاف کے پارٹی انتخابات نہ ہوسکے ،عمران خان نے الزام عائد کیا ہے کہ جس عدالتی حکم امتناع کی بنیاد پرپولنگ اسٹیشن سیل کیا گیااس کا الیکشن سے کوئی تعلق نہیں تھا، شریف برادران نے پولیس کا غلط استعمال کیا۔ راول پنڈی میں تحریک انصاف کے انتخابات میں صداقت گروپ اور رانا سہیل گروپ ایک دوسرے کے مدمقابل تھے۔ سٹی صدر کے امیدوار رانا سہیل کے مطابق ان کے مخالف صداقت گروپ نے بتایا کہ انہوں نے پارٹی انتخابات کے خلاف عدالتی حکم امتناع لے لیا ہے ، جس کے بعد پارٹی قیادت نے الیکشن کے التوا ء کی اطلاع دی۔تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے الزام عائد کیا ہے کہ شریف برادران ہمیشہ پولیس کا غلط استعمال کرتے ہیں ، ان کے پولنگ اسٹیشن کو غیرقانونی طور پر سیل کیا گیا۔ عمران خان کا کہنا ہے کہ اب یہ پارٹی انتخابات جمعرات کو راولپنڈی کی بجائے اسلام آباد میں ہوں گے۔پرسوں دوبارہ انتخابات ہوں گے اور اس معاملے پر الیکشن کمیشن اور سپریم کورٹ کے پاس جائیں گے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ شریف برادران تحریک انصاف سے خوف زدہ ہے ، وہ مفادات کی سیاست کرتے ہیں ، دہشت گردوں سے الائنس کرنے جارہے ہیں اور مولانا سے بھی مل رہے ہیں جنہوں نے ڈیزل سے پیسہ بنایا۔