04 دسمبر ، 2024
بھارت میں گوگل میپ کے ذریعے سفر کرنے والی ایک اور گاڑی کو حادثہ پیش آیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق افسوسناک واقعہ ریاست اتر پردیش کے ضلع بریلی میں پیش آیا۔
پولیس کا بتانا ہے کہ کار میں موجود افراد بریلی سے پیلی بھیت جا رہے تھے، اسی دوران ان کی کار گوگل میپ کے بتائے گئے شارٹ کٹ سے گمراہ ہوکر حادثے کا شکار ہوگئی۔
پولیس کا بتانا ہے کار میں موجود مسافروں نے گوگل میپس سے شارٹ کٹ دیکھ کر اس راستہ کا انتخاب کیا تھا لیکن ان کی کار خشک نہر میں جاگری۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق علاقہ مکینوں نے خشک نہر میں گری کار دیکھ کر زخمیوں کو ریسکیو کیا اور پولیس کو اطلاع دی۔
پولیس کا کہنا ہےکہ کار میں سوار افراد کو معمولی چوٹیں آئی ہیں اور کار کو ٹریکٹر کی مدد سے نکال لیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل بھی بھارت میں گوگل میپ کے ذریعے سفر کرنےوالی گاڑی کو حادثہ پیش آیا تھا جس میں 3 افراد ہلاک ہوئے تھے۔