04 دسمبر ، 2024
بھارت نے پاکستان کو شکست دے کر پانچویں بار جونیئر ہاکی ایشیا کپ جیت لیا۔
عمان میں جونیئر ہاکی ایشیاکپ کا فائنل پاکستان اور بھارت کی جونیئر ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جو سنسنی خیز و دلچسپ رہا۔
جونیئر ٹیم میں شامل پاکستان سینیئر ٹیم کے کھلاڑی بھی بھارتی ٹیم کو فائنل میں شکست نہ دے سکے۔
پاکستان نے میچ کے تیسرے ہی منٹ میں گول کرکے برتری حاصل کی۔ یہ گول حنان شاہد نے کیا لیکن دوسرے ہی منٹ میں بھارت نے حساب برابر کردیا۔
بھارت نے دوسرے کوارٹر میں اوپر نیچے2 گول داغ کر برتری 1-3 کردی۔ہاف ٹائم کے اختتام سے قبل پاکستان کی جانب سے سفیان نے خوبصورت گول کرکے مقابلہ 2-3 کردیا۔
تیسرے کوارٹر میں بھارتی ٹیم گول نہ کرسکی۔ پاکستانی گول کیپر نے کئی یقینی گول بچائے ،39 ویں منٹ میں سفیان خان نے ایک اور گول کرکے مقابلہ 3-3 برابر کردیا اور پاکستان میچ میں واپس آگیا۔
لیکن آخری کوارٹر میں پاکستان کو گول کرنے کے موقع ملے لیکن کامیابی نہیں ملی۔ بھارت نے 47 ویں اور پھر 54ویں منٹ میں گول کرکے مقابلہ 3-5 کردیا جو کھیل کے اختتام تک برقرار رہا۔
بھارت کے ارجیت سنگھ نے4 گول اسکور کیے اور دلراج سنگھ نے ایک گول کیا۔
پاکستان جونیئر ٹیم میں پاکستان سینیئر ٹیم کے 5 کھلاڑی شامل تھے۔ سفیان خان نے ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ 12 گول کیے۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان جونیئر ہاکی ایشیا کپ کا یہ مسلسل تیسرا فائنل تھا۔ تینوں بار بھارت نے ٹائٹل جیتے۔
بھارت نے جونیئر ہاکی ایشیا کپ کا ٹائٹل پانچویں بار جیتا ہے۔