Time 17 دسمبر ، 2024
کھیل

قائداعظم بین الصوبائی گیمز، پنجاب کی میڈل ٹیبل پر سبقت

قائداعظم بین الصوبائی گیمز، پنجاب کی میڈل ٹیبل پر سبقت
پنجاب کے کھلاڑیوں نے اب تک 53 گولڈ، 40 سلور اور 23 برونز میڈلز سمیت مجموعی طور پر 116 میڈلز حاصل کئے ہیں/ فوٹو: پاکستان اسپورٹس بورڈ 

اسلام آباد: قائداعظم بین الصوبائی گیمز میں پنجاب نے میڈل ٹیبل پر سبقت حاصل کرلی۔

پاکستان اسپورٹس بورڈ کے زیر اہتمام جاری قائداعظم بین الصوبائی گیمز میں اب تک کی کارکردگی کے مطابق پنجاب نے سب سے زیادہ میڈلز جیت کر اپنی برتری قائم رکھی ہے۔

گیمز میں پنجاب کے کھلاڑیوں نے اب تک 53 گولڈ، 40 سلور اور 23 برونز میڈلز سمیت مجموعی طور پر 116 میڈلز حاصل کیے ہیں جو کسی بھی ایونٹ کے لیے سب سے زیادہ ہیں۔

خیبرپختونخوا 10 گولڈ، 17 سلور اور 24 برونز میڈلز کے ساتھ 51 میڈلز جیت کر دوسری پوزیشن پر ہے جب کہ سندھ نے 11 گولڈ، 13 سلور اور 19 برونز میڈلز جیت کر 43 میڈلز کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔

بین الصوبائی گیمز میں بلوچستان نے 12 گولڈ، 10 سلور اور 17 برونز میڈلز جیتے ہیں جب کہ اسلام آباد 5 گولڈ، 6 سلور اور 26 برونز میڈلز کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے۔

آزاد جموں و کشمیر کے کھلاڑیوں نے ایک گولڈ، 4 سلور اور 12 برونز میڈلز جیتے ہیں جب کہ گلگت بلتستان کے حصے میں اب تک 2 گولڈ اور 8 برونز میڈلز آئے ہیں۔

ڈی جی پاکستان اسپورٹس بورڈ کے مطابق کل 313 میڈلز تقسیم کیے جا چکے ہیں جن میں 92 گولڈ، 92 سلور اور 129 برونز میڈلز شامل ہیں۔

مزید خبریں :