Time 20 دسمبر ، 2024
کھیل

پہلے آسٹریلیا اور پھر افریقا، رضوان نے وہ کر دکھایا جو آج تک کوئی قومی کپتان نہ کرسکا

پہلے آسٹریلیا اور پھر افریقا، رضوان نے وہ کر دکھایا جو آج تک کوئی قومی کپتان نہ کرسکا
فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے جنوبی افریقا کے خلاف ون ڈے سیریز جیت کر وہ کارنامہ کر دکھایا جو آج تک کوئی پاکستانی کپتان نہ کر پایا۔

جمعرات کو پاکستان نے کیپ ٹاؤن میں کھیلے گئے 3 میچز کی ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ میں جنوبی افریقا کو 81 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔

جنوبی افریقا کی دعوت پر پاکستان ٹیم 49.5 اوورز میں 329 رنز بناکر آؤٹ ہوئی تھی۔ 330 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقی ٹیم 248 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ 

یوں پاکستان نے جنوبی افریقا کو اس کی سر زمین پر ون ڈے سیریز میں شکست دی۔محمد رضوان نے اس جیت کے ساتھ اہم اعزاز بھی حاصل کرلیا ہے۔

محمد رضوان آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کو ان کی سرزمین پر ون ڈے سیریز میں شکست دینے والے پہلے پاکستانی کپتان بن گئے ۔

اس سے قبل نومبر میں محمد رضوان کی کپتانی میں پاکستان نے 22 سال بعد آسٹریلیا کو اس کے ہوم گراؤنڈ پر ون ڈے سیریز  میں شکست دی تھی۔

رضوان آسٹریلیا اور جنوبی افریقا میں ون ڈے سیریز جیتنے والے واحد پاکستانی کپتان ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان نے تیسری مرتبہ جنوبی افریقا میں ون ڈے سیریز جیت کر اکیسویں صدی میں جنوبی افریقا میں 3 مرتبہ ون ڈے سیریز جیتنے والی پہلی ٹیم ہونے کا اعزاز بھی حاصل کیا ہے۔

اس سے قبل پاکستان نے 2013، 2021 میں جنوبی افریقا کو سیریز میں شکست دی تھی۔


مزید خبریں :