23 دسمبر ، 2024
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے پنجاب حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ خدا گواہ ہے پنجاب میں کوئی ایسا اسپتال نہیں جہاں پر غریب آدمی کا فری علاج ہو سکے جبکہ سندھ کے تمام اسپتالوں میں غریب مریضوں کا بڑے سے بڑا علاج فری ہوتا ہے۔
اٹک میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ ترقیاتی منصوبے پورے پنجاب میں ہونے چاہئیں، صرف لاہور پنجاب نہیں ہے اٹک، چکوال، جہلم، راجن پور اور ڈی جی خان بھی پنجاب ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام ہر چیز پر ٹیکس دے رہی ہے اس کے باوجود پنجاب کے حکمران کے عوام کو ریلیف دینے کے بلند و بانگ دعوے فریب ہیں
گورنر پنجاب نے کہا کہ کسی بھی حکومت کا سب سے بڑا فرض صحت اور تعلیم کی مفت سہولت فراہم کرنا ہے، صرف لاہور کو پنجاب نہیں کہا جا سکتا اٹک ،چکوال اور باقی اضلاع بھی پنجاب کا حصہ ہیں، باقی اضلاع کو اہمیت دینا ہو گی ورنہ حکومت نہیں چلے گی۔
سلیم حیدر خان کا کہنا تھا کہ اگر وہ خاموش رہیں تو پنجاب میں کوئی اپوزیشن نہیں ہے، عوامی نمائندوں سے سوال کیا جائے کہ اسپتالوں میں ڈاکٹر کیوں نہیں ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری کو وزیر اعظم بنائیں گے، اس موقع پر اٹک کی مختلف یونین کونسلز سے مختلف برادریوں نے پی پی میں شمولیت کا اعلان کیا۔