23 دسمبر ، 2024
بھارت کی ریاست مہاراشٹرا میں فلم ’پشپا 2‘ کی نمائش نے انتہائی مطلوب گینگسٹر اور منشیات اسمگلر کو گرفتار کروا دیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مہاراشٹرا کے شہر ناگپور میں جمعرات کو فلم پشپا 2 کے شو کے دوران انتہائی مطلوب گینگسٹر و منشیات اسمگلر وشال میشرم کو گرفتار کیا گیا۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ مطلوب ملزم گرفتاری کے وقت فلم دیکھ رہا تھا اور پولیس نے اچانک چھاپہ مار کر گرفتار کیا، پولیس کی انٹری کے باوجود فلم جاری رہی۔
رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ پولیس نے ملزم کی فلم دیکھنے سے متعلق آمدورفت ٹریس کی اور پھر جب وہ فلم دیکھنے آیا تو اس کے سنیما میں جاتے ہی اس کی گاڑی کے ٹائر پنکچر کر دیے اور فلم کے کائیمیکس کے دوران پولیس نے سنیما ہال میں داخل ہو کر گرفتار کرلیا۔
رپورٹس کے مطابق ملزم 10 ماہ سے مفرور تھا اور 27 کیسز میں مطلوب ہے، ملزم پر 2 قتل، منشیات اسمگلنگ اور پولیس پر حملے کے مقدمات درج ہیں۔
خیال رہے کہ بھارتی کی تیلگو فلم انڈسٹری کی فلم ’پشپا 2‘ 18 دنوں میں اب تک بھارت سمیت دنیا بھر سے 1500 کروڑ بھارتی روپے سے زائد کا بزنس کرچکی ہے۔
فلم میں الو ارجن اور راشمیکا نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔