Time 23 دسمبر ، 2024
انٹرٹینمنٹ

سیٹ پر ایک اداکارہ نے دوسری کو تھپڑ مارا تو اس نے جوتی اٹھا کر ماری: سمیع خان کا انکشاف

سیٹ پر ایک اداکارہ نے دوسری کو تھپڑ مارا تو اس نے جوتی اٹھا کر ماری: سمیع خان کا انکشاف
اداکار سمیع خان نے سیٹ پر 2 اداکاراؤں کے درمیان تھپڑ اور چپل سے ہونے والی آنکھوں دیکھی لڑائی کا احوال سنادیا/ فائل فوٹو

پاکستانی اداکار سمیع خان نے سیٹ پر 2  اداکاراؤں کے درمیان تھپڑ اور چپل سے ہونے والی  آنکھوں دیکھی لڑائی کا احوال سنادیا۔

اداکار سمیع خان حال ہی میں ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں شریک ہوئے جس دوران میزبان اشنا شاہ نے ان سے سوال کیا کہ سیٹ پر کوئی ایسا ناخوشگوار واقعہ جو آپ کو یاد ہو؟

اشنا کے سوال پر سمیع خان نے آنکھوں دیکھے ایک واقعے کا ذکر کیا لیکن نام لیے بغیر بتایا کہ ’ہم کشمیر میں ایک ڈرامے کی  شوٹنگ کررہے تھے جس دوران میں میک اپ روم میں بیٹھا ایک ضروری کال اٹینڈ کررہا تھا، اسی وقت  ایک اداکارہ میرے سامنے رکھے صوفے  پر آکر بیٹھ گئی اور گھبرائے ہوئے لہجے میں خودسے کہنے لگیں’ مجھے جو ٹھیک لگا میں نے کردیا‘، میں نے آن کال ہی  ان سے پوچھا سب ٹھیک ہے؟  اتنی ہی دیر میں میرے پیچھے موجود  دروازہ کھلا اور دوسری اداکارہ نے اندر آتے ہی چند ’ خوبصورت باتیں‘ کیں اور پھر  میرے سر پر سے جوتی اُڑتی ہوئی اس اداکارہ پر گئی لیکن خوش قسمتی سے وہ اداکارہ بچ گئی ‘۔

سمیع خان  نے بتایا کہ ’میں چونکہ  اس وقت ضروری کال پر تھا اس لیے عجیب ماحول دیکھ کر باہر آگیا، کال اٹینڈ کرنے کے بعد جب اندر جاکر پوچھا تو بتایا گیا کہ میرے سامنے آکر بیٹھنے والی اداکارہ نے شوٹنگ کے دوران دوسری اداکارہ کو تھپڑ رسید کردیا تھا جس کے بعد جھگڑا ہوا‘۔

سمیع خان نے مزید بتایا کہ ’دونوں اداکارائیں ایک ہی عمر کی تھیں لیکن میرا ماننا ہے کہ اس کے باوجودکسی بھی اداکارکو یہ اجازت نہیں ہے کہ کوئی کسی کو تھپڑ لگائے یا کسی پر ہاتھ اٹھائے’ ۔

میڈیا رپورٹس میں زیر غور واقعے کیلئے اداکارہ علیزے شاہ اور اداکارہ منسا ملک کا نام لیا جارہا ہے، دونوں نجی ٹی وی چینل کے ایک ڈرامے میں سمیع خان کے ساتھ کام کرچکی ہیں‘۔

 دوسری جانب  حیران کن واقعے پر دنگ رہ جانے والی اداکارہ اشنا شاہ نے بھی سیٹ پر اداکاراؤں کے جھگڑے پر بات کرتے ہوئے بتایا کہ ’ مجھے بھی کسی نے بتایاتھا کہ سیٹ پر ایک مرتبہ2 اداکاراؤں کے درمیان شیشہ استعمال کرنے پر بھی  جھگڑا ہوچکا ہے‘۔

اشنا شاہ کے مطابق ’مجھے بتایا گیا تھا کہ سیٹ پر  ایک اداکارہ شیشے میں میک اپ کررہی تھیں جس دوران دوسری  اداکارہ ان کے ساتھ شیشے میں آکرمیک اپ کرنے  لگی جس پر پہلی والی اداکارہ نے کہا کہ  آپ سیٹ مینجمنٹ سے  دوسرے شیشے کا کہیں کیوں کہ آپ میرا شیشہ استعمال نہیں کرسکتیں، اس کے بعد دونوں اداکاراؤں کے درمیان جھگڑا شروع  ہوگیا اور ایک اداکارہ سیٹ چھوڑ کر چلی گئیں تو دوسری رونے لگ گئیں‘۔

مزید خبریں :